ث*لاہور چیمبر کی وزیراعظم سے ایس آر او 350پر عمل درآمد روکنے کی اپیل

ٴحکومت کو صنعت کے خدشات کو مد نظر رکھتے ہوئے ٹیکس پالیسی پر نظر ثانی کرنی چاہیی: صدر لاہور چیمبر

ہفتہ 27 اپریل 2024 21:00

; لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اپریل2024ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے اپیل کی ہے کہ وہ ایس آر او 350 پر عمل درآمد رٴْکوائیں۔وزیر اعظم کے نام خط میں صدر لاہور چیمبر کاشف انور نے ایس آر او 350 مورخہ 7 مارچ 2024 کے ممکنہ منفی اثرات سے وزیر اعظم کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایس آر او 350خریدارو ں کی ٹیکس ریٹرن فائل کے عمل کو سپلائرز کی جانب سے ٹیکس قواعد و ضوابط کی تعمیل سے منسلک کرتا ہے جس کی وجہ سے مسائل پیدا ہونے کا اندیشہ ہے اور سپلائی چین سے وابستہ تاجر ہر مرحلے پر متاثر ہونگے۔

لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ پاکستان میں تاجر برادری کو مہنگائی، روپے کی قدر میں کمی، توانائی کی قیمتوں میں اضافہ، بلند مارک اپ اور ایم ڈی آئی چارجز سمیت کئی بڑے معاشی چیلنجز کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

ایسے میں ٹیکس دہندگان کے لیے مزید مشکلات پیدا کرنادرست نہیں ہے۔مزید برآں، بیلنس شیٹ جمع کرانے کی شق جو ممکنہ طور پر پہلے جمع کرائی گئی تفصیلات سے متصادم ہو سکتی ہے جبکہ بیلنس شیٹ کو ٹیکس ریٹرن ڈیٹا سے بھی جانچا جا سکتا ہے، یہ عمل ٹیکس کمپلائنس کے طریقہ کار کو پیچیدہ بناتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس ایس آر او میں موجود پیچیدگیوں اور ممکنہ رکاوٹوں کی وجہ سے کاروباری برادری کے اندر شدید خدشات ہیں۔کاشف انور نے کراچی میں ایک تقریب کے دوران ایس آر او کے نفاذ کو موخر کرنے کے وزیر اعظم کے حالیہ اعلان کی تعریف کی لیکن ٹیکس دہندگان کو پینلٹی سے بچانے کے لیے مزید کارروائی کی فوری ضرورت پر زور دیا۔وزیر اعظم سے لاہور چیمبر کی یہ اپیل معیشت کے مختلف شعبوں پر بڑھتے ہوئے دباؤ کی وجہ سے کی گئی ہے۔

کاشف انور نے ان خدشات کو دور کرنے اور کاروبار کی ترقی اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول کو یقینی بنانے کے لیے حکومت کے ساتھ تعمیری روابط استوا ر کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ کاروباری برادری وزیر اعظم کے اقدمات کو سراہتی ہے اور امید کرتی ہے کہ وہ اقتصادی منظر نامے کے پیش نظر اس متنازعہ مسئلے کو فوری حل کریں گے۔