/روٹی اور نان کی کم قیمت کا معاملہ :ضلعلی انتظامیہ اور نان بائی ایسوسی ایشن کے درمیان مذاکرات رواں ہفتے کئے جانے کا امکان

اتوار 28 اپریل 2024 18:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اپریل2024ء) ضلعی انتظامیہ اورنان بائی ایسوسی ایشن کے درمیان رواں ہفتے نا ن روٹی کی قیمتوں کے بارے میں مذاکرات کیے جانے کاامکان ہے ،اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں نان روٹی کی قیمتوں میں کانوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے فریقین سے تفصیلی جواب 6 مئی تک طلب کررکھاہے۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے نان بائی ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر کی درخواست پرپچھلی جمعرات کوسماعت کی تھی ، درخواست گزار کے وکیل عمر اعجاز گیلانی اور ڈسٹرکٹ انتظامیہ کے نمائندے عدالت میں پیش ہوئے تھے۔

ڈسٹرکٹ انتظامیہ کے نمائندے نے بتایا کہ قانون میں ترمیم کر کے ڈی سی اوز کو قیمت کے تعین کا اختیار دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

نان بائیوں کے وکیل بیرسٹرعمر اعجاز گیلانی نے دلائل دیئے کہ آٹا یہاں مہنگا اور کرایہ بھی زیادہ ہے، کنٹرولر جنرل کی پاور سیکشن تھری کے تحت نہیں ہے۔جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کہا کہ کیا تندور والوں سے پوچھا کہ آٹا کتنے کا آ رہا ہے یا بس لوگوں کو خوش کرنے کیلئے آرڈر جاری کر دیا عدالت نے آئندہ سماعت تک نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے فریقین سے تفصیلی جواب طلب کر لیا اور سماعت 6 مئی تک کیلئے ملتوی کر دی تھی اب ضلعی انتظامیہ اور نان بائی ایسوسی ایشن کے درمیان رواں ہفتے نان روٹی کی قیمتون کے حوالے سے بات چیت کیے جانے کاامکان ہے اور اس سلسلے میں کوئی فیصلہ سامنے آنے کابھی امکان ہے۔

نا بائی ایسوسی ایشن کے قریبی ذرائع کاکہناہے کہ آٹے اور گند م کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے اب کم نرخوں پر نان اور روٹی کی فروخت اتناآسان نہیں ہے جتناضلعی انتظامیہ سمجھ رہی ہے تاہم جوبھی فیصلہ کیاجائے باہمی مشاورت سے کیاجائے ،ذرائع کایہ بھی کہناتھاکہ ضلعی انتظامیہ نے بات چیت کے لیے بلایاتوایسوسی ایشن ضرور جائیگی۔