سپورٹس اور سیاحت پر توجہ مرکوز رکھنے سے بلوچستان میں تجارتی سرگرمیوں پر مثبت اثرات مرتب ہونگے،گورنر بلوچستان ملک عبدالولی کاکڑ

اتوار 28 اپریل 2024 22:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2024ء) گورنر بلوچستان ملک عبدالولی کاکڑ نے کہا ہے کہ حب ریلی کراس 2024 ایک بڑا موٹر سپورٹس ایونٹ ہے جو دنیابھر کے بین الاقوامی مرد و خواتین ڈرائیورز اور ینگ چیمپئن کیلئے کشش کا باعث بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس موٹر اسپورٹس ایونٹ میں خواتین ریسرز کی شرکت خوش آئند ہے، ایسی سرگرمیوں سے نہ صرف سیاحت کو فروغ ملے گا بلکہ انٹرنیشنل سطح پر بلوچستان کا مثبت امیج اجاگر ہو جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو 'حب ریلی کراس 2024 کے موقع خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گیارہویں حب ریلی کے موقع ڈپٹی کمشنر حب روحانہ گل کاکڑ اور ریلی کے چیف آرگنائز شجاعت شیروانی بھی موجود تھے۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان کی معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے سیاحت کے شعبے کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا، اس ضمن میں بلوچستان میں ٹورزم انڈسٹری کے فروغ کیلئے اسپورٹس ایونٹس کی فعالیت اور سیاحتی مقامات کی بحالی اشد ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس بات پر یقین کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسپورٹس اور سیاحت پر مناسب توجہ مرکوز رکھنے سے صوبہ میں معاشی اور تجارتی سرگرمیوں پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ گورنر نے کہا کہ بلوچستان کی نئی نسل میں صلاحیتوں کی کمی نہیں ہے لہٰذا ضروری ہے کہ ان کو ضروری سہولیات اور مواقع فراہم کئے جائیں تاکہ وہ ملک اور صوبے کا نام روشن کرسکیں۔

متعلقہ عنوان :