پچھلے ایک ہفتے سے اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں کمی آئی ہے ،وزیرداخلہ سندھ

سندھ میں امن و امان کی صورتحال پر سنجیدہ اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، غفلت برتنے والے پولیس افسران کے خلاف بھی کارروائی جاری ہے،ضیاء الحسن لنجار

اتوار 28 اپریل 2024 22:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2024ء) سندھ کے وزیر داخلہ، قانون و و پارلیمانی امور ضیا الحسن لنجار نے کہا ہے کہ سندھ میں امن و امان کی صورتحال پر سنجیدہ اقدامات اٹھائے جارہے ہیں پیپلزپارٹی کی اعلی قیادت نے کراچی سمیت صوبے کے دیگر شہروں میں امن وامان کی صورتحال کو مزید بہتر کرنے کی ہدایت کی ہے مجھے بطور وزیر داخلہ تقریبا ڈیڑھ ماہ ہوئے ہیں پچھلے ایک ہفتے سے اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں کمی آئی ہے غفلت برتنے والے پولیس افسران کے خلاف بھی کارروائی جاری ہے ۔

وہ اتوار کے روز سندھ بار کونسل کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے اجلاس میں یاسر عرفات کو سندھ بار کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کے کا چیئرمین منتخب کرلیا گیا، جبکہ کاشف حنیف وائیس چیئرمین سندھ بار کونسل منتخب ہوئے عبد الستار لوہرانی چیئرمین بی ایف کمیٹی، شیر محمد وسان چیئرمین لیگل ایجوکیشن کمیٹی، احسان سیال چیئرمین ڈسیپلنری کمیٹی منتخب کرلئے گئے ضیاالحسن لنجار کا مزید کہنا تھا کہ چیف جسٹس صاحب نے بھی امن و امان کی صورتحال پر گفتگو کی ہے ہم سب کی خواہش ہے کہ سندھ میں امن و امان کی صورتحال بہتر سے بہتر ہو کراچی بھی سندھ کا ہی حصہ ہے سندھ بھر میں کشمور سے کراچی تک امن وامان ہماری اولین ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

جس کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں مجھ سے قبل ہائی وے اور موٹر وے پر بھی واردات ہورہی تھیں میں نے حال ہی میں بطور وزیر داخلہ رات کو دو بجے موٹر وے پر سفر کیا موٹر وے حکام سے میٹنگ میں کہا کہ موٹر وے پر سفر کو پرامن بنایا جائے کسی قسم کی کوئی واردات نہیں ہونی چاہیئے، موٹر وے پر ابھی کوئی واردات نہیں ہوتی ہے اس ضمن میں مثبت خبریں چلانے کی ضرورت ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم سندھ بھر میں ضرور امن قائم کرینگے کچے یا پکے کے ڈاکوں کا قلعہ قمعہ کر کے دم لیں گے۔