کالی چائے کی درآمد پر ٹیکس چھوٹ کا غلط استعمال، درآمد کنندگان کیخلاف مقدمات

کسٹمز نے کچھ روز قبل کراچی سے 73 کروڑ روپے مالیت کی 850 ٹن کالی پتی برآمد کی تھی

اتوار 28 اپریل 2024 22:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2024ء) کسٹمز انٹیلی جنس کراچی نے آزاد کشمیر کے لیے کالی چائے کی درآمد پر ٹیکس چھوٹ کے غلط استعمال میں ملوث درآمد کنندگان کے خلاف 6 مقدمات درج کر لئے ہیں۔کسٹمز انٹیلی جنس کی جانب سے کچھ روز قبل کراچی میں ایک گودام سے 73 کروڑ روپے مالیت کی 850 ٹن کالی پتی برآمد کی تھی۔

(جاری ہے)

آزاد کشمیر کے نام پر منگوائی گئی اس کالی پتی کے لئے ٹیکس کی چھوٹ کا غلط استعمال کیا گیا تھا۔

کسٹمز انٹیلی جنس کی رپورٹ پر آزاد کشمیر حکومت نے ایک جے آئی ٹی تشکیل دی تھی جس کی رپورٹ کے مطابق ماضی میں کی گئی درآمدات میں 255 کروڑ روپے ٹیکس چوری کیا گیا۔رپورٹ کی روشنی میں کسٹمز انٹیلی جنس نے ٹیکس، چوری پر مبنی مقدمات درج کر لئے ہیں۔ذرائع کے مطابق کسٹمز انٹیلی جنس کی ایک اور انٹیلی جنس ایجنسی کے ساتھ کی گئی مشترکہ کارروائی سے 255 کروڑ روپے ٹیکس چوری کی رقم وصولی میں مدد ملے گی۔