حضرت امیر خسروؒ کے سالانہ عرس مبارک میں ناظم الامور پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی سعد احمد وڑائچ اور پاکستانی زائرین کی شرکت، درگاہ پر روایتی چادر چڑھائی

اتوار 28 اپریل 2024 23:20

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2024ء) حضرت امیر خسروؒ کے 720 ویں سالانہ عرس مبارک کی تقریبات میں پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی کے ناظم الامور سعد احمد وڑائچ اور پاکستان کے 70 زائرین پر مشتمل گروپ نے شرکت کی۔ اتوار کو پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ناظم الامور سعد احمد وڑائچ نے مشہور صوفی بزرگ حضرت امیر خسروؒ کے مزار پر حکومت پاکستان اور عوام کی جانب سے روایتی چادر چڑھائی۔

سجادہ نشین دیوان طاہر نظامی نے درگاہ پر ناظم الامور اور پاکستانی زائرین کا استقبال کیا۔ مزار پر روایتی چادر چڑھانے کے بعد شرکاءنے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں کیں۔ ناظم الامور اور زائرین نے اسی احاطے میں واقع درگاہ حضرت نظام الدین اولیاؒ کے مزار پر بھی حاضری دی۔

(جاری ہے)

سجادہ نشین نے ناظم الامور اور زائرین کے گروپ لیڈر کی دستار بندی بھی کی۔

ناظم الامور نے اسلام کی آفاقی تعلیمات کے عین مطابق محبت اور بھائی چارے کے پیغام کو فروغ دینے میں صوفی بزرگوں کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا اور سماجی مساوات اور اجتماعی بہبود کے لئے صوفی بزرگوں کے کردار اور عزم کو سراہا۔ زائرین کے نمائندوں نے دورے میں سہولت فراہم کرنے پر حکومت پاکستان اور پاکستان ہائی کمیشن کا شکریہ ادا کیا۔ پاکستانی زائرین مذہبی مقامات کے دوروں سے متعلق 1974ءکے پاکستان بھارت پروٹوکول کے تحت دورہ کر رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :