Live Updates

پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی سرگودھا کے زیر اہتمام پی ایچ اے فلورا فیسٹیول اختتام پذیر

پیر 29 اپریل 2024 14:09

سرگودہا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2024ء) پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی سرگودھا کے زیر اہتمام پی ایچ اے فلورا فیسٹیول اختتام پذیر ہوگیا ۔تفصیلات کے مطابق پی ایچ اے سرگودھا کے زیر اہتمام جشن بہاراں کی مناسبت سے جاری سالانہ فلورا فیسٹیول 2024ء کی تقریبات اختتام پذیر ہوئیں فیسٹیول میں پنجاب کے علاوہ ملکی کے دیگر صوبوں سے بھی لوگوں کی اکثریت فیملیز کے ساتھ شامل ہوئیں اور پی ایچ اے کے پلیٹ فارم سے شاندار فیملی فیسٹیول کے انعقاد اور لوگوں کو پرتحفظ ماحول میں تفریحی سرگرمیوں کی فراہمی کے حوالہ سے پی ایچ اے کی عملی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ڈی جی پی ایچ اے توقیر حیدر کاظمی اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ فیسٹیول کا دورانیہ بڑھا کر عوام کو تفریحی سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔

(جاری ہے)

میلہ کے میوزیکل شو کے دوران استاد نصرت فتح علی خان کے شاگرد استاد کالے خاں اور ہمنوا نے فن گائیگی کا جادو بکھیرتے ہوئے لوگوں کو جھومنے پر مجبور کر دیا، قبل ازیں فن گائیگی میں منفرد مقام کے حامل سلطان سکندر سلطانی ڈھولی، دلاور رحمن، ثاقب علی شیر، کاشف علی، آغاز مہروز اور دیگر نے اپنی فنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور لوگ فرمائش کے ساتھ گیت سنتے رہے۔

فیسٹیول حوالہ سے ڈی جی پی ایچ اے توقیر حیدر کاظمی کا کہنا ہے کہ عوام کو پرسکون و پرتحفظ ماحول میں مثبت تفریحی سہولیات کی فراہمی کے حوالہ سے پی ایچ اے بھرپور اقدامات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے اور وزیر اعلیٰ محترمہ مریم نواز شریف کے احکامات کے مطابق کمشنر سرگودھا محمد اجمل بھٹی کی سرپرستی میں یہ سلسلہ آئندہ بھی اسی انداز میں جاری رکھیں گے تاکہ لوگوں کو گھٹن ذدہ ماحول، پریشانیوں اور ذہنی دباؤ سے نجات دلا کر تفریحی سرگرمیوں کی فراہمی عمل میں لا تے ہوئے دوبارہ ذہنی تکان دور کرکے آنے والی ذمہ داریوں کیلئے تیار کیا جاسکے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات