خیبر پختونخوا کے مشیر سیاحت و ثقافت کا پولیس لائنز مانسہرہ کا دورہ، جاری نئی بھرتیوں کا جائزہ لیا

پیر 29 اپریل 2024 18:35

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2024ء) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب نے پولیس لائنز مانسہرہ کا اچانک دورہ کیا اور وہاں ایجوکیشن اینڈ ٹیسٹنگ ایوالویشن ایجنسی (ایٹا) کے زیرانتظام پولیس فورس میں نئی بھرتیوں کیلئے جمع خواہشمند نوجوانوں کے کیمپ جا کر فزیکل ٹیسٹ کے طریقہ کار اور مختلف مراحل کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کیمپ میں جسمانی امتحان کے مراحل سے آگاہی اور منتظمین سے تفصیلات اور فیڈبیک لینے کے بعد موقع پر ہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مانسہرہ سے رابطہ کر کے پولیس ٹیسٹ اور بھرتیوں سے متعلق بعض خامیوں کی نشاندھی کی اور انہیں کیمپ آ کر اپنی ذاتی نگرانی میں دور کرنے، بھرتی کے تمام مراحل کو زیادہ سے زیادہ شفاف بنانے اور سیکورٹی حصار کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت صوبہ میں قانون اور میرٹ کی بالادستی یقینی بنانا چاہتی ہے اس لئے پولیس بھرتیوں کا بھی میرٹ پر ٹیسٹ یقینی بنایا جائے جس پر کسی قسم کا سمجھوتہ قابل قبول نہیں ہو گا تاکہ نہ تو ہمارے تعلیم یافتہ اور باصلاحیت نوجوانوں کا ٹیلنٹ ضائع ہو اور نہ ہی کسی کی حق تلفی ہو بلکہ میرٹ، شفافیت اور انصاف کے تمام تقاضے پورے ہوں۔

متعلقہ عنوان :