اوپن یونیورسٹی میں شاہد صدیقی کی کتاب’’ٹورنٹو، دبئی اور مانچسٹر‘‘ کی تقریب رونمائی کا انعقاد

پیر 29 اپریل 2024 18:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2024ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی کی کتاب ’’ٹورنٹو، دُبئی اور مانچسٹر‘‘ کی تقریب رونمائی گذشتہ روز وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کی زیر صدارت منعقد ہوئی۔اس پُروقار تقریب کے مہمان خصوصی معروف ماہر تعلیم، کالم نگار اور کتاب کے مصنف پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی تھے۔

فکر و نظرکے دانشورز، کالم نویس، افسانہ نگارز محمد حمید شاہد، محمد حفیظ خان اور ڈاکٹر نجیبہ عارف نے شاہد صدیقی کی اس کتاب پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ کتاب روایتی سفر نامہ نہیں بلکہ یہ کتاب شاہد صدیقی کا جمالیاتی تجربہ ہے جس میں ماضی، حال اور مستقبل کی تقسیم نظر نہیں آرہی ہے۔

(جاری ہے)

مقررین نے کتاب میں شاہد صدیقی کے رومانوی روپ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ رومانیت میں شاہد صدیقی ایسے اسلوب کا اظہار کرتے ہیں جس میں وہ اپنے جذبات کا انتہائی شدت سے ذکر کرتے ہیں۔

مقررین نے کہا کہ ٹورنٹو، دُبئی اور مانچسٹرکو شاہد صدیقی کی نظر سے دیکھنے کے لئے اس کتاب کا مطالعہ ضروری ہے۔شاہد صدیقی نے اپنے مختصر خطاب میں تقریب کے انعقاد پر شعبہ اردو کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنی کتاب سے اقتباس سنایا۔پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے اپنے خطاب میں کہا کہ شاہد صدیقی کی جب بھی کوئی نئی تصنیف سامنے آتی ہیں، اُن کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ اس کی تقریب رونمائی علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں کریں۔

انہوں نے اس کتاب میں سکالرشپ کی کہانی کو خود سے جوڑتے ہوئے مانچسٹر میں اپنی سکالرشپ کا قصہ تفصیل سے بیان کیا۔فیکلٹی آف سوشل سائنسز کے ڈین، پروفیسر ڈاکٹر عبدالعزیز ساحر نے کلمات تشکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ شاہد صدیقی کی یہ نئی کتاب دو ماہ قبل آئی تھی، ہماری خواہش تھی کہ اس کی پہلی رونمائی ہم یونیورسٹی میں کریں گے، کانووکیشن میں مصروفیت کی وجہ سے یہ رونمائی تھوڑی لیٹ ہورہی ہے۔تقریب سے شعبہ اردو کے چیئرمین ڈاکٹر ارشد محمود ناشاد نے خطاب کرتے ہوئے کتاب کے مختلف رنگوں کو اجاگر کیا۔فیکلٹی ممبران، افسران، سٹاف ممبرز اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے کتاب خرید کر مصنف سے اس کتاب پر دستخظ بھی کرائے۔

متعلقہ عنوان :