نیشنل ایگریکلچر ایجوکیشن ایکریڈیٹیشن کونسل کی ٹیم کا جامعہ سندھ کا دورہ

پیر 29 اپریل 2024 23:38

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2024ء) نیشنل ایگریکلچر ایجوکیشن ایکریڈیٹیشن کونسل کی ٹیم نے چیئرمین ڈاکٹر فیاض الحسن کی زیر قیادت جامعہ سندھ کے شعبہ بایو کیمسٹری میں نیوٹریشن اینڈ فوڈ ٹیکنالوجی پروگرام کی منظوری کیلئے دوسرے مرحلے کا دورہ مکمل کیا، سینٹر فار انوائرمنٹل سائنسز میں ماحولیاتی سائنس پروگرام کی منظوری کیلئے پہلے مرحلے کا دورہ مکمل کرتے ہوئے سفارشات پیش کیں، جن پر عملدرآمد کو یقینی بنانے سے متعلق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو نے ٹیم کو یقین دہانی کرائی۔

ایکریڈیٹیشن ٹیم کی دوسرے ممبران میں سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈو جام کے ڈین فیکلٹی آف کراپ پروڈکشن پروفیسر ڈاکٹر عنایت اللہ راجپر، اسی جامعہ کے انسٹیٹیوٹ آف فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے پروفیسر ڈاکٹر اعجاز حسین سومرو اور سیکریٹری نیشنل ایگریکلچر ایجوکیشن ایکریڈیٹیشن کونسل ڈاکٹر عبدالغفار شامل تھے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف بایو کیمسٹری جامعہ سندھ جامشورو پروفیسر ڈاکٹر نسیم اسلم چنہ و ڈائریکٹر سینٹر فار انوائرمنٹل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر امان اللہ مہر نے اپنے اپنے شعبے میں ٹیم ممبران کی رہنمائی کی اور انہیں بریفنگ دی۔

دورے کے دوران ڈائریکٹر کوالٹی انہانسمنٹ سیل ڈاکٹر الطاف نظامانی نے یونیورسٹی کی تعلیمی کامیابیوں و سہولیات پر روشنی ڈالی۔ کمیٹی نے پروگرام کی سہولیات کا معائنہ کیا،لیبارٹریز و کلاسز رومز کا جائزہ لیا اور طلبا و اساتذہ سے بات چیت کی تاکہ پروگرام کے مؤثر ہونے سے متعلق جائزہ لیا جا سکے۔ اس کے بعد ایکریڈیٹیشن ٹیم نے وی سی آفس پہنچ کر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو سے ملاقات کی اور انہیں دورے کے نتائج و سفارشات سے آگاہ کیا۔

نیوٹریشن اینڈ فوڈ ٹیکنالوجی پروگرام کیلئے ایکریڈیٹیشن ٹیم نے فوڈ پراسیسنگ اینڈ بیکنگ یونٹ کے قیام اور اساتذہ کی تعداد بڑھانے کی سفارش کی۔ اس موقع پر وائس چانسلر نے انسٹیٹیوٹ آف بایو کیمسٹری میں فوڈ پراسیسنگ اینڈ بیکنگ یونٹ کے قیام کیلئے 30 لاکھ روپے فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ ایکریڈیٹیشن ٹیم نے انوائرمنٹل سائنس پروگرام کیلئے یہ سفارش کی کہ طلبا کی گنجائش بڑھانے کیلئے نئی عمارت تعمیر کی جائے تاکہ سینٹر میں کلاس رومز کی کمی پوری ہو سکے۔

نیز طلبا کی تعلیمی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے مزید اساتذہ کو بھرتی کیا جائے۔ ایکریڈیٹیشن کمیٹی نے تعلیمی معیار کو برقرار رکھنے کیلئے شیخ الجامعہ سندھ کے اقدامات کو سراہا اور نیوٹریشن اینڈ فوڈ ٹیکنالوجی و ماحولیاتی سائنس کے تعلیمی پروگرامز کے معیار کو بلند کرنے کیلئے ضروری تدابیر اختیار کرنے کی تجویز بھی دی۔

متعلقہ عنوان :