بلدیہ عظمیٰ کراچی کی 60 بسوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت ڈیزل پر منتقل کرکے سڑکوں پر لایا جائے گا،میئر کراچی

پیر 29 اپریل 2024 20:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2024ء) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہریوں کو سفری سہولیات فراہم کرنے کے لئے بلدیہ عظمیٰ کراچی کی 60 بسوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت ڈیزل پر منتقل کرکے سڑکوں پر لایا جائے گا، یہ بسیں ہمارے پاس موجود تھیں، صرف نیتوں کا معاملہ تھا، سی این جی کے بحران کی وجہ سے ایک بس کو لاہور سے ٹیسٹ کیس کے طور پر پر ڈیزل پر منتقل کرایا ہے اور اب یہ بالکل نئی لگ رہی ہے، فیول سسٹم کی تبدیلی کے بعد لاہور سے بارہ سو کلو میٹر کا فاصلہ طے کر کے بس کو کراچی لایا گیا ہے بقیہ بسوں کو بھی ڈیزل پر منتقل کرایا جارہا ہے تاکہ انہیں سڑکوں پر لاکر شہریوں کو سہولت فراہم کی جاسکے،بس کے کرائے اور روٹ کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا ہے جلد ہی اس بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا، ان بسوں کو سڑکوں پر لانے کے لئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کا میکنزم بنایا جائے گا، یہ بات انہوں نے پیر کے روز کے ایم سی کی بسوں کے حوالے سے میڈیا کے نمائندوں کو بتائی، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کے لئے سندھ حکومت کی جانب سے ٹرانسپورٹ کی سہولیات کو بہتر بنانے کا سلسلہ پہلے ہی جاری ہے اور بڑی تعداد میں ریڈ اور پنک بسیں شہر میں آچکی ہیں بلدیہ عظمیٰ کراچی نے اس حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرتے ہوئے دستیاب بسوں کو بھی کارآمد بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور یہ بسیں بھی جلد ہی کراچی کی سڑکوں پر رواں دواں نظر آئیں گی، انہوں نے کہا کہ جو بھی وسائل دستیاب ہیں انہیں شہریوں کے لئے فراہم کرنے کی حکمت عملی بنائی ہے اور اس پر مکمل طور پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے کیونکہ یہ اثاثے شہریوں کی ملکیت ہیں، بند اور غیر فعال اداروں کو کھولنے کے ساتھ ساتھ کے ایم سی میں موجود گاڑیوں ، مشینری اور آلات کو بھی کارآمد بنا رہے ہیں جس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے اور شہریوں کو پہلے سے بہتر اور معیاری سہولیات حاصل ہوسکیں گی۔