Live Updates

عمران خان کی ایک اور واضح تصویر سوشل میڈیا پر وائرل‘دنیا بھر تصویرکروڑوں کی تعداد میں شیئرہورہی ہے. تحریک انصاف کا دعوی

جیل میں بند سیاسی راہنما کی تصویر تک چھپانا پڑی رہی ہے ہو تویہ کہنا بند کریں کہ ملک میں جمہوریت ہے ‘ اختلاف کے باوجود ان کے آئینی اور قانونی حقوق کا حامی ہو. حسین حقانی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 16 مئی 2024 17:51

عمران خان کی ایک اور واضح تصویر سوشل میڈیا پر وائرل‘دنیا بھر تصویرکروڑوں ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔16مئی۔2024 ) تحریک انصاف کے بانی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی ایک اور واضح تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے اور تحریک انصاف کا دعوی ہے کہ دنیا بھر میں عمران خان کی سپریم کورٹ سے لیک ہونے والی تصویر کروڑوں کی تعداد میں شیئرہورہی ہے. تصویر کو دیکھ کر اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ جس کسی نے بھی سپریم کورٹ کے کورٹ روم نمبر ون کی سکرین سے عمران خان کی تصویر بنائی ہے اس نے کئی تصاویر بیک وقت کھینچی ہیں ‘پہلے وائرل ہونے والی تصویر میں روشنی کی وجہ سے ان کی آنکھیں بند نظرآرہی ہیں جبکہ دوسری تصویر میں ان کی آنکھیں کھلی ہوئی ہیں اور یہ تصویر پہلے والی تصویر سے زیادہ واضح اور صاف بھی ہے.

(جاری ہے)

امریکا میں تعینات سابق سفیر حسین حقانی نے ”ایکس“پر ایک پیغام میں کہا ہے کہ اگر کسی سیاسی راہنما کو جیل میں ڈالنے کے بعد اس کی تصویر تک چھپانا پڑی رہی ہے ہو تویہ کہنا بند کریں کہ ملک میں جمہوریت ہے انہوں نے لکھا کہ عمران خان سے اختلاف اور ان کے فین کلب سے گالیاں سننے کے باوجود ان کے آئینی اور قانونی حقوق کا حامی ہو. سپریم کورٹ آف پاکستان میں نیب ترامیم فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیلوں پر جمعرات کو سماعت کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان اڈیالہ جیل سے وڈیو لنک کے ذریعے پیش ہوئے لیکن انہیں بولنے کا موقع نہیں ملا اور صرف حکومتی وکیل کے دلائل جاری رہے.

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے پانچ رکنی لارجر بینچ نے ان اپیلوں پر سماعت کی بنچ میں جسٹس امین الدین، جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس حسن اظہر رضوی شامل ہیں سماعت کے آغاز پر اٹارنی جنرل روسٹرم پر آئے جبکہ عمران خان خاموشی سے کارروائی سنتے رہے آج کی سماعت سپریم کورٹ نے براہ راست نشر نہیں کی تھی تاہم عمران خان کی ویڈیو لنک کے ذریعے پیشی کی ایک تصویر انٹرنیٹ پر گردش کرنے لگی جو بظاہر کمرہ عدالت میں لی گئی تھی پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے” ایکس“ پر پوسٹ کی گئی تصویر میں اڈیالہ جیل سے ویڈیو لنک پر عمران خان سپورٹس سوٹ میں ملبوس آسمانی رنگ کی شرٹ پہنے کرسی پر براجمان نظر آئے.

تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد کچھ دیر تک کورٹ روم کی سکرینوں سے عمران خان کو غائب کر دیا گیا، کچھ دیر بعد دوبارہ ان کے کیمرے کو آن کیا گیا سکرینوں سے عمران خان کے غائب ہونے کے بعد جسٹس اطہر من اللہ نے آئی ٹی عملے کو اشارہ کیا جس کے بعد عمران خان کی سکرین دوبارہ آن کی گئی.
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات