واٹر بورڈ کے ہائیڈرنٹ سے نوجوان لڑکی کی تین روز پرانی لاش برآمد

پیر 29 اپریل 2024 22:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2024ء) گلستان جوہر میں واقع واٹر بورڈ کے ہائیڈرنٹ سے لڑکی کی لاش ملی ہے جو کہ تین روز پرانی ہے۔تفصیلات کے مطابق ریسکیو حکام نے بتایا کہ گلستان جوہر بلاک 1 میں واقع واٹر بورڈ کے ہائیڈرنٹ سے لڑکی کی لاش برآمد ہوئی ہے۔ ڈوبی ہوئی لاش 3 روز پرانی ہے جبکہ اس کی شناخت 17 سالہ روبینہ کے نام سے ہوئی۔

(جاری ہے)

پولیس نے بتایا کہ لاش گلستان جوہر میں واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی لائن پر قائم سائفن 20 سے ملی ہے۔ سائفن 20 پر رکاوٹ کیلئے گرل لگائی گئی ہیں، لاش وہاں آکررک گئی تھی۔واٹر بورڈ حکام نے بتایا کہ دھابیجی سے گلستان جوہر تک پانی کی مین لائن پر ہوا کے اخراج کیلئے 20 سائفن قائم ہیں۔پولیس حکام کے مطابق ممکنہ طور پر لڑکی غازی گوٹھ کے مقام پر سائفن میں گرکر گلستان جوہر پہنچی۔ لاش کو نکال کر جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔قانونی کارروائی کے بعد لاش کو ورثا کے حوالے کردیا گیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ متوفیہ کے ورثا قانونی کارروائی نہیں چاہتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :