اسلام آباد ہائی کورٹ نے 190 ملین پائونڈز نیب ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی کی ضمانت کی درخواست پر سماعت 6 مئی تک ملتوی کر دی

پیر 29 اپریل 2024 23:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2024ء) اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری پر مشتمل ڈویژن بنچ نے 190 ملین پائونڈز نیب ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی کی ضمانت کی درخواست پر سماعت 6 مئی تک ملتوی کر دی ۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آئندہ سماعت پر کیس ملتوی کرنے کی استدعا تسلیم نہیں کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

پیر کے روز سماعت کے موقع پر شہباز کھوسہ ایڈووکیٹ ، بیرسٹر سلمان صفدر اور دیگر پی ٹی آئی وکلاءعدالت میں پیش ہوئے ، نیب پراسیکیوٹر امجد پرویز ایڈووکیٹ عدالت پیش نہ ہوئے ، چیف جسٹس نے مسکراتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ لگتا ہے سلمان صاحب آپ نے خطرہ ناک باتیں کر دی ہیں ، سلمان صفدر نے کہا کہ میں اس کیس کے لئے لاہور سے آیا ہوں ، شہباز کھوسہ نے کہا کہ اس کیس کی دس تاریخیں ہو چکی ہیں ، چیف جسٹس نے کہا کہ ہر کیس کے اپنے میرٹس ہیں جو میریٹس ہیں ، نیب پراسکیوٹر کی عدم موجودگی پر چیف جسٹس نے کہا کہ آخری وارننگ دے رہے ہیں آئندہ نا آئے تو فیصلہ کر دیں گے ۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت 6 مئی تک ملتوی کر دی ۔