9 مئی: محمود الرشید ، اعجاز چوہدری ، عمر سرفراز چیمہ، طیبہ راجہ، خدیجہ شاہ اور دیگر کیخلاف سماعت ملتوی

منگل 30 اپریل 2024 02:30

#لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 اپریل2024ء) لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے نو مئی کے واقعات میں جناح ہاؤس پر حملے اور جلاؤ گھیراؤ کے الزام میں درج مقدمے میں تحریک انصاف کے رہنماؤں میاں محمود الرشید، اعجاز چوہدری اور عمر سرفراز چیمہ، طیبہ راجہ خدیجہ شاہ سمیت 266 رہنماؤں اور کارکان کے خلاف کیس کی سماعت 15 مئی تک ملتوی کردی۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزمان کو چالان کی کاپیاں تقسیم کرنے کا حکم دے دیا۔۔انسداد دہشتگردی عدالت کے ڈیوٹی جج ارشد جاوید نے سماعت کی۔ سوموار کو سماعت پر پی ٹی آئی رہنما طیبہ راجہ کے پیش ہونے پر عدالت نے وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیئے۔ عدالت نے طیبہ راجہ کے عدم پیشی پر قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے۔ سابق وزیر خزانہ کی بیٹی معروف فیشن ڈیزائنر خدیجہ شاہ، عائشہ علی بھٹہ اور روبینہ جمیل سمیت دیگر برضمانت ملزمان حاضری کیلئے پیش ہوئے جبکہ میاں محمود الرشید، اعجاز چوہدری اور عمر سرفراز چیمہ سمیت دیگر ملزمان کو جیل سے عدالت میں پیش کیا گیا۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ اور صنم جاوید کو سرگودھا جیل سے عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے مزید کارروائی 15 مئی تک ملتوی کردی۔ پراسیکوشن نے ملزمان کے خلاف چالان عدالت میں جمع کرا رکھا ہے چالان میں میاں محمود الرشید، اعجاز چوہدری، عمر سرفراز چیمہ، خدیجہ شاہ، روبینہ جمیل، صنم جاوید، عالیہ حمزہ، طیبہ عنبرین راجہ، عائشہ علی بھٹہ، فرزانہ سرور اور صنم جاوید کے شوہر عتیق ریاض سمیت 266 ملزمان شامل ہیں۔

خدیجہ شاہ کی جناح ہاؤس حملہ کیس میں ضمانت ہو چکی ہے۔ ملزمان پر جناح ہاؤس حملہ اور جلاؤ گھیراؤ کا الزام عائد ہے، پراسیکیوٹرمقدمہ میں بغاوت اور عوام کو فسادات پر اکسانے کی دفعات شامل ہیں چالان کے ساتھ جلاؤ گھیراؤ کی فوٹیج اور شواہد لگائے گئے ہیں ملزمان کیخلاف تھانہ سرور روڑ میں مقدمہ نمبر 96/23 درج ہے۔