یونیورسٹی آف سرگودھا میں مزدوروں کے عالمی دن کے سلسلہ میں تصویری نمائش کا انعقاد

منگل 30 اپریل 2024 19:38

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2024ء) مزدوروں کے عالمی دن کے سلسلہ میں یونیورسٹی آف سرگودھا کے انسٹیٹیوٹ آف آرٹ اینڈ ڈیزائن نے تصویری نمائش کا انعقاد کیا گیا۔ نمائش کا افتتاح پرو وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یاسین نے کیا اور نمائش کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر انچارج انسٹیٹیوٹ آف آرٹ اینڈ ڈیزائن بشری ٰگل سمیت فیکلٹی ممبران اور طلبہ بڑی تعداد میں موجود تھے۔

تصویری نمائش میں 50کے قریب طلبہ نے محنت کشوں کی زندگی، ان کی جانفشانی،عزم و ہمت اور حوصلے کی عکاسی کی۔ نمائش کے ذریعے طلبہ نے یہ پیغام دیا کہ طبقاتی تقسیم کو ختم کرتے ہوئے مزدروں کو معقول معاوضہ سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جائیں۔ پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یاسین نے طلبہ کے کام کو سراہتے ہوئے کہا کہ تصویری نمائش مزدوروں کو خوبصورت خراج تحسین پیش کرتے ہوئے یہ پیغام دیتی ہے کہ حلال کا ایک لقمہ حرام کے ہزاروں لقموں سے بہتر ہے، محنت سے سب کچھ ممکن ہے اور ہمیں محنت کشوں کو قدرو منزلت کی نگاہ سے دیکھنا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ایک آرٹسٹ کا کام یہی ہوتا ہے کہ وہ معاشرے کی بہتر انداز میں عکاسی کریں بالخصوص ایسے موضوعات کو سامنے لائیں کہ جن کو زیادہ زیرِ بحث نہیں لایا جاتا۔ پر و وائس چانسلر نے مزید کہا کہ مزدوروں کا عالمی دن قومی ترقی میں مزدوروں کی جانب سے دی گئی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ یہ دن ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ ہم مزدوروں کی آواز بنیں اور کام کرنے کے بہتر حالات، منصفانہ اجرت اور دیگر حقوق فراہم کرنے کیلئے جدوجہد کریں۔ نمائش میں مزدوروں کے روز مرہ معمولات کی عکاسی کرتی ویڈیوز بھی پیش کی گئیں۔

متعلقہ عنوان :