بلدیہ عظمیٰ کراچی کے 25افسران محکمہ انفورسمنٹ اینڈ امپلی مینٹیشن کے ایم سی میں بطور انسپکٹر تعینات

منگل 30 اپریل 2024 21:52

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2024ء) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مختلف محکموں سے تعلق رکھنے والے 25افسران کو محکمہ انفورسمنٹ اینڈ امپلی مینٹیشن کے ایم سی میں بطور انسپکٹر تعینات کردیاگیا۔ منگل کو جاری اعلامیہ کے مطابق میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب کی ہدایت پر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مختلف محکموں سے تعلق رکھنے والے 25افسران کو محکمہ انفورسمنٹ اینڈ امپلی مینٹیشن کے ایم سی میں بطور انسپکٹر تعینات کرکے متعلقہ ضلع کے ڈپٹی کمشنر کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی علاقائی حدود میں شہری قوانین پر موثر عملدرآمد کو یقینی بنایا جاسکے، یہ افسران سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 (ترمیم شدہ 2023 )کے باب XV کے مطابق متعلقہ ڈپٹی کمشنر کے ساتھ کام کریں گے اور اس کی رپورٹ ماہانہ بنیاد پر ڈائریکٹر انفورسمنٹ اینڈ امپلی مینٹیشن کو پیش کریں گے۔

(جاری ہے)

لانڈھی، کورنگی، شاہ فیصل اور ماڈل کالونی ٹائون کے انسپکٹرز ڈپٹی کمشنر کورنگی کے پاس ڈیوٹی دیں گے جبکہ نارتھ ناظم آباد، لیاقت آباد، نیو کراچی، گلبرگ اور ناظم آباد ٹائون کے انسپکٹرز ڈپٹی کمشنر وسطی، صدر اور لیاری ٹان کے انسپکٹرز ڈپٹی کمشنر جنوبی، گلشن اقبال، چینیسر، جناح، صفورہ اور سہراب گوٹھ ٹائون کے انسپکٹرز ڈپٹی کمشنر شرقی، ملیر، گڈاپ اور ابراہیم حیدری کے انسپکٹرز ڈپٹی کمشنر ملیر، ماڑی پور، بلدیہ اور موریرو میر بحر ٹاؤن کے انسپکٹرز ڈپٹی کمشنر کیماڑی جبکہ منگھوپیر، مومن آباد اوراورنگی ٹائون کے انسپکٹرز ڈپٹی کمشنر ویسٹ کے ساتھ ڈیوٹی دیں گے۔

بلدیہ عظمی کراچی نے سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 (ترمیم شدہ 2023 )کے سیکشن 133(ii)، باب XV اور کے ایم سی کونسل قرار داد نمبر 9، مورخہ 7 دسمبر 2023 کے تحت محکمہ لینڈ، اینٹی انکروچمنٹ، کچی آبادی، چارجڈ پارکنگ، لینڈ لیز، پارکس اور انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ میں تعیناتی کے منتظر 25 افسران کو محکمہ ا نفورسمنٹ اینڈ امپلی مینٹیشن بلدیہ عظمی کراچی میں بطور انسپکٹرز تعینات کیا ہے،یہ تمام افسران متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کے ساتھ رابطے میں رہیں گے اور کراچی کے تمام ٹاؤنز میں سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 کے تحت قوانین پر عملدرآمد میں معاونت فراہم کریں گے۔