پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی کی قونصل جنرل حسین محمد کے ہمراہ دبئی میں پی آئی اے وفد سے ملاقات

پی آئی اے دبئی سے سکردو کیلئے 3مئی سے براہ راست پروازیں شروع کر رہا ہے، دبئی قونصلیٹ جنرل حسین محمد

منگل 30 اپریل 2024 22:05

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2024ء) متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے قونصل جنرل حسین محمد کے ہمراہ دبئی میں پی آئی اے کے وفد سے ملاقات کی ۔ دبئی میں پاکستان قونصلیٹ جنرل کی جانب سے منگل کو جاری پریس ریلیز کے مطابق ملاقات میں بتایا گیاکہ پی آئی اے 3مئی 2024سے پاکستان کے شمالی علاقے سکردو کے لئے براہ راست پروازیں شروع کر رہا ہے تاکہ سیاحوں اورعلاقے کے رہائشیوں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔

پاکستان میں سیاحت کے وسیع امکانات پر روشنی ڈالتے ہوئے سفیرفیصل نیاز ترمذی نے کہاکہ پی آئی اے کی جانب سے بلتستان کے سیاحوں اور عوام کو سہولت فراہم کرنا ایک مثبت قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 8000میٹر سے اوپر کی پانچ چوٹیاں ہیں جن میں سے 4 سکردو میں واقع ہیں جبکہ ہمارے ملک میں 7000میٹر سے اوپر 108چوٹیاں موجود ہیں۔

(جاری ہے)

فیصل نیاز ترمذی نے متحدہ عرب امارات کے رہائشیوں کو دنیا کے سب سے خوبصورت مقامات میں سے ایک کے لئے براہ راست پرواز لینے کے موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے شمالی علاقہ جات کی بے مثال قدرتی خوبصورتی کو دریافت کرنے کی دعوت دی۔

سکردو میں 2226میٹر کی بلندی پر واقع کٹپنا سرد صحرا دنیا کا بلند ترین سرد صحرا ہے۔ فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ سکردو خوبصورت جھیلوں، وادیوں اور حیرت انگیز مناظر کا حامل علاقہ ہے۔پی آئی اے کی ٹیم میں ریجنل منیجر مڈل ایسٹ ذیشان احمد، سیلز ایگزیکٹو محمد قاسم عباسی، منیجر شارجہ و ناردرن امارات سرمد اعزاز اور ابوظہبی کی ایریا منیجر صائمہ اسلم شامل تھیں۔ذیشان احمد نے پی آئی اے کے اس اقدام کو فروغ دینے اور اس کی حمایت کرنے پر سفیر کا شکریہ ادا کیا۔