مزدوروں کا عالمی دن پاکستان کی سماجی اور اقتصادی ترقی کیلئے انتھک کوششیں کرنے والے محنت کشوں اور مزدوروں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے منایا جا رہا ہے ،صدر مملکت آصف علی زرداری کا مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

بدھ 1 مئی 2024 00:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2024ء) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ آج مزدوروں کا عالمی دن پاکستان کی سماجی اور اقتصادی ترقی کیلئے انتھک کوششیں کرنے والے محنت کشوں اور مزدوروں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے منایا جا رہا ہے ۔ اس دن ہم مزدور کے وقار کو برقرار رکھنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں اور ان کی تاریخی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

یکم مئی 2024 کو مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ یہ دن ہم سب کو مزدوروں کے حقوق اور ان کے سماجی تحفظ، منصفانہ اجرت اور کام کیلئے محفوظ ماحول کیلئے کوششیں کرنے کی یاد دلاتا ہے۔ اس سال مزدوروں کے عالمی دن کا موضوع موسمیاتی تبدیلیوں کے دوران کام کی جگہ پر سلامتی اور صحت کو یقینی بنانا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان میں مزدور اور محنت کش طبقے کو مہنگائی، ضروریات زندگی کی بڑھتی قیمتوں ، بے روزگاری، اور موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔ محنت کش طبقے کے حالات کو بہتر بنانے کے لیے یہ انتہائی ضروری ہے کہ مزدوروں کیلئے مناسب اجرت، کام کیلئے محفوظ ماحول، صحت کی سہولیات اور اُن کے بچوں کیلئے تعلیمی سہولیات کی فراہمی سے ان کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات شروع کیے جائیں۔

مزدوروں کے استحصال کے خاتمے، ان کیلئے سماجی تحفظ کے پروگرام شروع کرنے اور ان کے حقوق کے تحفظ کیلئے پالیسیوں کے نفاذ اور عمل درآمد میں ریاست کا ایک اہم کردار ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ آج کے دن، ہم دل کی گہرائیوں سے ملک کی ترقی میں قابل ستائش کردار ادا کرنے والے اپنے مزدوروں کی خدمات کا اعتراف کرتے ہیں۔ میں آجروں سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ اجرت سے متعلق منصفانہ طرز عمل اپنائیں، مزدوروں کی سلامتی اور صحت کے لیے اقدامات کریں اور خطرناک ماحول میں کام کرنے والے مزدوروں کو ضروری تربیت اور حفاظتی سامان کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔

مجھے امید ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بھی مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کریں گی، استحصالی طریقوں کے خاتمے کے لیے اقدامات کریں گی اور ان کے لیے سماجی تحفظ کیلئے پروگرام نافذ کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ آئیے عہد کریں کہ پاکستان میں محنت کش اور مزدور طبقے کے لیے ایک ایسا سازگار ماحول پیدا کریں جہاں ان کی قدر اور عزت کی جائے۔