یوم مئی پر وزیرتعلیم کا بڑا اقدام، اساتذہ سے کیا وعدہ وفا کر دیا

وزیرتعلیم کی ہدایت پر نان فارمل سکولوں کے اساتذہ کی پینڈنگ تنخواہیں اضلاع میں پہنچا دی گئیں

بدھ 1 مئی 2024 22:19

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 مئی2024ء) وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی ہدایت پر نان فارمل سکولوں کے اساتذہ کی گذشتہ 10 ماہ سے پینڈنگ تنخواہیں ان کے اضلاع میں بھیج دی گئیں۔ لٹریسی ٹیچرز نے گذشتہ دنوں وزیر تعلیم سے ملاقات کے دوران گذشتہ 10 ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کا شکوہ کیا تھا جس پر وزیر تعلیم نے فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ایک ماہ میں واجبات کی ادائیگی کی ہدایت کی تھی۔

رانا سکندر حیات کی خصوصی دلچسپی کی وجہ ایک ماہ سے کم عرصہ میں ہی اساتذہ کا مسئلہ حل ہوگیا۔

(جاری ہے)

اساتذہ کی تنخواہیں اور دیگر واجبات ان کے اضلاع میں پہنچا دی گئی ہیں۔ وزیر تعلیم کا کہنا ہے کہ آئندہ دو دنوں میں تمام اساتذہ کو تنخواہوں سمیت دیگر واجبات کی ادائیگی مکمل ہو جائے گی۔ وزیر تعلیم نے کہا ہے کہ اساتذہ کے ساتھ کیا جانے والا ہر وعدہ وفا اور جائز مطالبات پورے کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی محنت کا بروقت معاوضہ ان کا حق ہے۔ گذشتہ حکومت نے بلاوجہ انہیں اس حق سے محروم رکھا۔ اساتذہ کے مسائل کا بروقت احاطہ بہترین تعلیمی نظام کا آئینہ دار ہے۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ اساتذہ کے مسائل پر نظر ہے اور ان کے حل کیلئے جامع پالیسی لا رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :