وفاقی پولیس کا پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف آپریشن، 24گھنٹوں کے دوران 20 پیشہ ور بھکاری گرفتار

بدھ 1 مئی 2024 22:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2024ء) آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کے خصوصی احکامات پر پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف آپریشن، گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 20 پیشہ ور بھکاریوں کو گرفتار کر لیاگیا۔ وفاقی پولیس کے شعبہ تعلقات عامہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق گرفتار پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف مقدمات درج کر لئے گئےجبکہ کم عمر بچوں کو فلاحی سنٹرز منتقل کردیا ۔

(جاری ہے)

انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلا م آباد سید علی ناصررضوی کے خصوصی احکامات پر اسلام آباد پولیس نے پیشہ وربھکاریوں کے خلاف آپریشن شروع کررکھا ہے جس کے تحت گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف علاقوں سے پیشہ ور بھکاری اور ان کے سہولت کار گرفتار کئے گئے ہیں جن کی تعداد20 ہے۔ ڈی آئی جی آپر یشنز سید شہزاد ندیم بخاری نے زونل ایس پیز کو واضح احکامات دیئے کہ وہ بھکاریوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر اپنی زیرِ نگرانی آپریشن جاری رکھیں۔

انہوں نے شہریوں سے گزارش کی کہ وہ پیشہ ور بھکاریوں کی حوصلہ شکنی کریں، اگر آپ کو تجارتی مراکزاور رہائشی علاقوں میں پیشہ ور بھکاری نظر آئیں تو فوری''پکار۔ 15 ''پر پولیس کو اطلاع دیں۔انہوں نے مزید کہاکہ اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح عوام کی جان و مال کی حفاظت ہے۔