ایل جی اینڈ سی ڈی پنجاب کی خواتین افسران کے وفد کا جی ڈی اے کا دورہ

جمعرات 2 مئی 2024 10:10

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2024ء) لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈیویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ (ایل جی اینڈ سی ڈی )پنجاب کی خواتین افسران کے وفد نے سپیشل سیکرٹری آسیہ گل کی قیادت میں گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی( جی ڈی اے) کا دورہ کیا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایڈمن جی ڈی اے احتشام خان نے وفد کا خیرمقدم کیا اور انہیں جی ڈی اے کے میونسپل سروس ڈلیوری کے طریقہ کار، اقدامات اور منصوبوں سے متعلق آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پنجاب میونسپل ڈیویلپمنٹ فنڈ کمپنی ( پی ایم ڈی ایف سی )اور جرمن ترقیاتی ادارے ( جی آئی زیڈ )کے زیراہتمام دونوں وفود کے درمیان تبادلہ خیال ہوا، دورہ کا مقصد ایل جی اینڈ سی ڈی ڈیپارٹمنٹ کے افسران اور مقامی حکومت کے سٹیک ہولڈرز کیلئے علم اور بہترین طریقوں کے اشتراک سے متعلق صلاحیت پیدا کرنا ہے۔ ایل جی اینڈ سی ڈی ڈیپارٹمنٹ پنجاب اور جی ڈی اے کے درمیان باہمی تعاون اور اشتراک کو فروغ دینے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ پنجاب میں جی ڈی اے کے کامیاب ماڈلز کے طرز پر کام کرنے سے متعلق امور پر بھی بات چیت ہوئی۔ اس موقع پر پریزنٹیشن کے بعد سوال و جواب کا سیشن ہوا۔ تقریب کے آخر میں وفد نے تعریفی اسناد اور شیلڈز کا تبادلہ کیا۔