سندھ ہائیکورٹ نے عدالتی حکم کی خلاف ورزی پر سابق سیکرٹری سائٹ نوری آباد کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا

جمعرات 2 مئی 2024 17:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2024ء) سندھ ہائی کورٹ نے عدالتی حکم کی خلاف ورزی پر سابق سیکرٹری سائٹ نوری آباد کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا۔جمعرات کو سندھ ہائی کورٹ میں سابق سیکرٹری سائٹ نوری آباد کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی ۔سابق سیکرٹری سائٹ نوری آباد کے وکلا نے موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ سابق سیکرٹری سائٹ نوری آباد امداد شاہ نے عدالت کے حکم پر عملدرآمد کردیا تھا۔

توہین عدالت کا الزام غلط ہے۔فرحت شاہ ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کرتے ہوئے بتایا کہ محمد یحییٰ کو نوری آباد میں 4 ایکڑ کا پلاٹ الاٹ ہوا تھا۔2006 میں عدالت نے پلاٹ بحال کرکے قبضہ درخواست گزار کو دینے کا حکم دیا تھا۔پلاٹ درخواست گزار کو لیز بھی کیا گیا۔

(جاری ہے)

لیکن بعد میں یہ زمین کسی اور شخص کو دی جانے والی 22 ایکڑ میں شامل کردی گئی ۔جسٹس صلاح الدین پہنور نے موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ بادی النظر میں عدالت کے حکم پر اس کی رو کے مطابق عمل نہیں ہوا۔

سرکاری وکیل نے موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ امداد شاہ اب سیکرٹری سائٹ نوری آباد نہیں رہے۔ان کا تبادلہ ہوچکا ہے۔بیرسٹر صلاح الدین پہنور نے موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ وہ جہاں کہیں بھی ہوں آئندہ سماعت پر انہیں عدالت پیش کیا جائے ۔عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ 23 مئی کو ان کے خلاف توہین عدالت کے الزام میں فرم جرم عائد کی جائے گی۔عدالت نے محمکے کے وکلا کے موقف پر عدم اطمینان کرتے ہوئے سابق سیکرٹری سائٹ نوری آباد امداد شاہ کے خلاف عدالتی حکم کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری کر دیا۔