امت مسلمہ متحد ہو کر دشمن کا مقابلہ کری:متحدہ علما کونسل

فلسطین میں اسرائیلی ظلم پر مسلمان تماشائی بنے ہوئے ہیں جس سے یہودی لابی مضبوط ومستحکم ہورہی ہے

جمعرات 2 مئی 2024 18:31

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 مئی2024ء) متحدہ علما کونسل پاکستان کے مرکزی صدر مولانا زاہد الراشدی،سیکرٹری جنرل سردار محمد خان لغاری ،مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا ڈاکٹر ملک محمد سلیم،ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ،مولانا محمد راغب حسین نعیمی ،مولاناعبدالغفار روپڑی و دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ امت مسلمہ متحد ہو کر دشمن کا مقابلہ کرے، فلسطین میں اسرائیلی ظلم پر مسلمان تماشائی بنے ہوئے ہیں جس سے یہودی لابی مضبوط ومستحکم ہورہی ہے،مسلمان سالہاسال سے ظلم و ستم کی چکی میں پس رہے ہیں اس کی بڑی وجہ اتحاد و اتفاق کا نہ ہونا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ امت مسلمہ کی کامیابی اتحاد و اتفاق میں ہے اسرائیل کیخلاف متحد ہو کر جدوجہد کی ضرورت ہے، امت مسلمہ متحد ہو کر دشمن کا مقابلہ کرے مسلمان ممالک میں اتحاد نہ ہونے سے طاغوتی قوتیں مضبوط ہورہی ہیں۔ انہوں نے زور دیکر کہا کہ اگر مسلمان دنیا میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرنا چاہتے ہیں تو انہیں ایک مٹھی کی طرح متحد اور ہم آواز ہونا پڑیگا، ورنہ طاغوتی طاقتیں ان پر حملہ آور ہوتی رہیں گی اور بربادی ان کا مقدر ہوگی۔