خضدار پریس کلب کے صدر اور سینئر صحافی کی بم دھماکے میں شہادت کی مذمت کرتے ہیں، بی یو جے

جمعہ 3 مئی 2024 21:56

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 مئی2024ء) بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کی خضدار پریس کلب کے صدر اور سینئر صحافی کی بم دھماکے میں شہادت اور سچ کی جنگ لڑنے والے صحافیوں پر حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت مولانا محمد صدیق مینگل کے قتل میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے، آزادی صحافت کے عالمی دن صحافی کا قتل حکومتی بے حسی اور ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے، قاتلوں کی گرفتاری تک بھرپور احتجاج کیا جائے گا بلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے خضدار پریس کلب کے صدر اور سینئر صحافی مولانا محمد صدیق مینگل کی بم دھماکے میں شہادت اور حق اور سچ کی جنگ لڑنے والے صحافیوں پر قاتلانہ حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے صدر خلیل احمد نے اپنے ایک بیان میں خضدار پریس کلب کے صدر کے قتل پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحافت کے عالمی دن سینئر صحافی کا قتل حکومتی مشینری کے منہ پر طمانچہ ہے، حکومت کے اپنی عوام کو تحفظ کے دعوے زبانی جمع خرچ کے علاوہ کچھ نہیں۔

(جاری ہے)

ملک میں آزادی صحافت کا گلا گھونٹا جارہا ہے۔ جس پر صحافی برادری ہرگز خاموش نہیں رہ سکتی۔وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی اور آئی جی پولیس واقعہ میں ملوث ملزمان کو جلد قانون کی گرفت میں لائیں بصورت دیگر ملک گیر احتجاج کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔