بزنس فیسلی ٹیشن سنٹر کے ذریعے صنعتکاروں کے ٹیکس سے متعلقہ مسائل حل کرانے کی کوشش کریں گے،فیصل آبادچیمبر

ہفتہ 4 مئی 2024 21:27

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2024ء) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے قائم مقام صدر ڈاکٹر سجاد ارشد نے کہاہے کہ بزنس فیسلی ٹیشن سنٹر کے ذریعے سرمایہ کاری اور صنعتکاروں کیلئے ایک ہی چھت کے نیچے تمام سہولتیں مہیا کرنے کے علاوہ ٹیکس سے متعلقہ مسائل بھی حل کرانے کی کوشش کی جائے گی۔ وہ یہاں ایڈیشنل سیکرٹری انڈسٹریز ضمیر حسین، ڈپٹی سیکرٹری کامرس پنجاب ابو بکر زبیر اور بزنس فیسلی ٹیشن سنٹر فیصل آباد کے انچارج جاوید باجوہ سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے فیصل آباد چیمبر کادورہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ بزنس فیسلی ٹیشن سنٹر کے قیام کی تجویز دراصل فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری نے پیش کی تھی تاکہ ملک میں سرمایہ کاری اور صنعتکاروں کیلئے ماحول دوست فضا قائم کی جاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فیصل آباد چیمبر بزنس فیسلی ٹیشن سنٹر کو کامیاب بنانے کیلئے ہر ممکن تعاون کرے گا تاکہ روزگار کے زیادہ سے زیادہ نئے مواقع پیدا کر کے ملکی معیشت کو ٹھوس بنیادو ں پر استوار کیا جا سکے۔

انہوں نے بزنس کمیونٹی سے کہاکہ وہ ٹیکس سے متعلقہ اپنے مسائل تحریری طور پر سیکرٹری انڈسٹریز کو پیش کریں تاکہ اس سلسلہ میں قانون سازی کرنے کے علاوہ اُن کی تجاویز کو بجٹ کا بھی حصہ بنایا جائے۔ انہوں نے بزنس فیسلی ٹیشن سنٹر سے متعلقہ تمام محکموں کے درمیان رابطوں اور مسلسل میٹنگز پر بھی زور دیا تاکہ مسائل کو باہمی مشاورت سے حل کیا جا سکے۔