سفیر آمنہ بلوچ کی زیرصدارت محفل مشاعرہ ، سفیر نےثقافتی تبادلوں کی اہمیت کو اجاگر کیا

اتوار 5 مئی 2024 00:50

برسلز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2024ء) یورپی یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ میں پاکستان کی سفیر آمنہ بلوچ نے برسلز میں محفل مشاعرہ کی صدارت کی۔ پاکستان پریس کلب بیلجیئم کے زیر اہتمام یہ تقریب پاکستان کے معروف صحافی خالد حمید فاروقی مرحوم کی دوسری برسی کی مناسبت سے منعقد کی گئی ۔

(جاری ہے)

بیلجئیم میں پاکستانی سفارتخانہ کے بیان کے مطابق محفل مشاعرہ کے نام سے معروف اس تقریب میں بیلجیئم، جرمنی اور یورپ کے مختلف حصوں سے شاعروں نے شرکت کی جنہوں نے اردو اور پنجابی شاعری میں اپنی ادبی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور اپنی دلکش شاعری کے ذریعے سامعین کو اپنے سحر میں جکڑ لیا۔

سفیر آمنہ بلوچ نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے ثقافتی تبادلوں کی اہمیت کو اجاگر کیا اور مستقبل میں اس طرح کی مزید تقریبات کی امید ظاہر کی۔ اس موقع پر پاکستان اور یورپ کے درمیان مشترکہ ادبی ورثے کو اجاگر کرتے ہوئے خالد حمید فاروقی کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا گیا۔\932