سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کیخلاف ایل این جی ریفرنس واپس کرنے کا تحریری حکمنامہ جاری

پیر 6 مئی 2024 18:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2024ء) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف مائع قدرتی گیس (ایل این جی) ریفرنس واپس کرنے کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا جس میں کہاگیاہے کہ نیب کی ایل این جی ریفرنس واپس لینے کی درخواست منظور کی جاتی ہے اور ریفرنس میں نامزد ملزمان شاہد خاقان عباسی، مفتاح اسمٰعیل اور دیگر کو بری قرار دیا جاتا ہے۔

احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے تحریری فیصلہ میں کہاکہ اشتہاری ملزمان شاہد اسلم، فلپ نٹمین اور شانہ صادق کو بھی ریفرنس سے ڈسچارج کیا جاتا ہے۔یاد رہے کہ 30 اپریل کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف مائع قدرتی گیس ریفرنس واپس لے لیا تھا۔

(جاری ہے)

احتساب عدالت اسلام آباد میں کیس کی سماعت جج ناصر جاوید رانا نے کی تھی، شاہد خاقان عباسی وکلا کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے تھے۔

نیب کی طرف سے ریفرنس واپس لیے جانے کی درخواست دائر کرتے ہوئے ڈپٹی پراسیکیوٹر اظہر مقبول نے کہا تھا کہ نیب شاہد خاقان عباسی کے خلاف ریفرنس واپس لے رہا ہے۔عدالت نے نیب کی ریفرنس واپس لینے کی درخواست منظور کرلی تھی۔واضح رہے کہ جولائی 2019 میں نیب نے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے اٴْس وقت کے نائب صدر شاہد خاقان عباسی کو ایل این جی کیس میں گرفتار کرلیا تھا۔