عازمین حج کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، حجاج کی آراء کو خصوصی اہمیت دی جائے گی، سیکرٹری مذہبی امور

بدھ 8 مئی 2024 20:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2024ء) سیکرٹری مذہبی امور ذوالفقار حیدر نے کہا ہے کہ عازمین حج کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، حج آپریشن کے دوران حجاج کے فیڈ بیک اور آراء کو خصوصی اہمیت دی جائے گی۔ بدھ کو ان خیالات کا اظہار انہوں نے حج انتظامات کے حوالے سے منعقدہ زوم میٹنگ میں کیا جس میں مکہ مکرمہ سے سے ڈی جی حج عبدالوہاب سومرو اور چاروں ڈائریکٹرز نے حج انتظامات اور جاری حج آپریشن کے حوالے سے سیکرٹری مذہبی امور کو بریفنگ دی۔

سیکرٹری مذہبی امور نے کہا کہ جاری حج آپریشن سے متعلق حجاج کرام سے سروے کے بعد ڈیٹا مرتب کیا جائے۔حج آپریشن کے دوران کسی اہلکار کی غفلت و سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈی جی حج مکہ نے کہا کہ تین طوافہ کمپنیوں کو ایام حج میں منیٰ عرفات کی سہولیات کیلئے ہائر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

مدینہ منورہ میں تمام پاکستانی عازمین حج کو مرکزیہ میں رہائش دی جائے گی۔

سرکاری حجاج کو مکہ میں عزیزیہ، بطحا قریش اور حئی نسیم میں رہائش دی جائے گی۔ ڈائریکٹر سہولیات و تعاون احمد ندیم خان نے کہا کہ عازمین حج کی سہولیات کے تمام شعبہ جات تفویض کیے جا چکے ہیں۔پاکستانی عازمین حج کو مکہ اور مدینہ میں دو ہسپتالوں اور ڈسپنسریوں کے ذریعے طبی سہولیات مہیا کی جائیں گی۔ مکہ اور مدینہ میں رہائش، خوراک اور سفری سہولیات کی فراہمی کیلئے معاونین حج کا دستہ اپنی ذمہ داریاں سنبھال چکا ہے۔

متعلقہ عنوان :