وزیر مملکت برائے آئی ٹی سے ای ڈاٹ کو گروپ کے اعلی سطح وفد کی ملاقات ، ڈیجیٹلائزیشن، ٹیلی کام انفراسٹرکچر کے حوالے سے گفتگو

معاشی ترقی میں آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر کا اہم کردار ہے، ٹیلی کام انڈسٹری کے مسائل حل کریں گے، شزہ فاطمہ کی ملاقات میں بات چیت

بدھ 8 مئی 2024 21:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2024ء) وزیر مملکت برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ سے ملائشیا سے آئے ہوئے ٹیلی کام انفراسٹرکچر سروسز کمپنی ای ڈاٹ کو گروپ کے اعلی سطح وفد نے گروپ کے سی ای او محمد عدلن احمد تاج الدین کی قیادت میں بدھ کو ان کے دفتر میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور ،ڈیجیٹلائزیشن ، ٹیلی کام انفراسٹرکچر کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔

ای ڈاٹ کو گروپ کے وفد کے باقی ممبران میں گروپ سی ایف او انیس شیخ محمد، گروپ ہیڈ، کارپوریٹ کمیونیکیشنز نورین سبرینہ محمد نور، کنٹری مینجنگ ڈائریکٹر عبدالعزیز اور ڈائریکٹر کارپویٹ افئیرز اینڈ پلاننگ محمد ریحان فاروقی شامل تھے۔وفد سے گفتگو میں وزیر مملکت برائے آئی ٹی شزہ فاطمہ نے کہا ملک میں ڈیجیٹلائزیشن کے حوالے سے بھر پور اقدامات کر رہے ہیں، موجودہ حکومت عوام کو معیاری براڈبینڈ و انٹرنیٹ سروسز کی فراہمی کے لیئے پر عزم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ملک کی معاشی ترقی میں آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر کا بہت اہم کردار ہے،وزارت آئی ٹی ٹیلی کام انڈسٹری کو ساتھ لیکر چل رہی ہے، ٹیلی کام انڈسٹری کے مسائل حل کریں گے۔وزیر مملکت برائے آئی ٹی نے کہا ٹیلی کام انڈسٹری کی ترقی کے لیئے ای ڈاٹ کو کی سپورٹ اہم ہے، ای ڈاٹ کو ڈیجیٹل پاکستان انیشی ایٹو میں کردار ادا کرے،پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیئے ماحول سازگار ہے،ای ڈاٹ کو پاکستان کے ٹیلی کام سیکٹر میں مزید سرمایہ کاری کرے۔

ای ڈاٹ کو وفد نے کہا وزارت آئی ٹی کا آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر کے فروغ کے لیئے کردار لائق تحسین ہے۔ملاقات میں دونوں اطراف نے ایک ورکنگ گروپ بنانے پر بھی اتفاق کیا۔اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری وزارت آئی ٹی عائشہ حمیرا موریانی، سی ای او این آئی ٹی بی بابر مجید بھٹی، ممبر ٹیلی کام محمد جہانزیب رحیم، ڈی جی انٹرنیشنل کوآرڈینیشن سید جواد علی شیرازی بھی موجود تھے۔