کمشنر سرگودہا ڈویژن کی ڈپٹی کمشنرزکوناقص کارکردگی کے حامل پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو فوری تبدیل کرنے کی ہدایت

جمعرات 9 مئی 2024 18:18

سرگودہا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2024ء) کمشنر سرگودہا ڈویژن محمد اجمل بھٹی نے چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو پرائس مجسٹریٹس کے فوری اجلاس طلب کرکے ناقص کارکردگی کے حامل پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو فوری تبدیل کرنے کی ہدایت کی ہے۔اس حوالے سے انہوں نے جمعرات کو اپنے کے کانفرنس روم میں ایک اعلی سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پرائس کنٹرول کے حوالے سے اسسٹنٹ کمشنرز کا بھی فعال کردار نظر آنا چاہیے۔

شہروں کے ساتھ دیہی علاقوں میں بھی پرائس کنٹرول پر خاص توجہ دی جائے تاکہ عوام کو احساس ہو کہ ریاست ان کے حقوق کے لیے مصروف عمل ہے۔کمشنر نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز انفورسمنٹ ڈیٹا کی اونر شپ لیں۔ تجاوزات کے خلاف آپریشن کو شہر کے مخصوص بازاروں تک محدود کرنے کی بجائے ٹائونز اور دیہات میں بھی تمام پختہ و عارضی تجاوزات کو فوری ختم کروایا جائے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے دیہات میں ویلج بورڈ بنا کر تحصیلداروں اور پٹواریوں کو روزانہ کی بنیاد پر اپنے اپنے علاقوں کا دورہ کرکے ویلج بورڈ کی زیر نگرانی تجاوزات ختم کروانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے سمگل شدہ تیل کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے اور نقل و حمل پر نظر رکھنےکے لئے بھکر اور میانوالی کے بین الصوبائی باڈرز پر کسٹم، رینجر اور پولیس کے ساتھ دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نمائندگی یقینی بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

کمشنر نے غیر رجسٹرڈ فنی تعلیمی اداروں کی جانب سے معیاری تعلیم فراہم نہ کرنے کا بھی نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنرز کو ایسے غیر رجسٹرڈ فنی تعلیمی اداروں کے خلاف فوری کارروائی کرنے اور ان کی ٹیوٹا کے پاس رجسٹریشن کرانے تک بند کروانے کے احکامات بھی جاری کیے۔ انہوں نے بھکر، میانوالی اور سرگودہا کے نئے تعینات ہوئے والے ڈپٹی کمشنرز کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ایک ٹیم کی صورت میں فرائض احسن انداز میں انجام دے کر مسائل کو حل کیا جا سکتا ہے۔

کمشنر سرگودہا ڈویژن نے چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو پرائس مجسٹریٹس کے فوری اجلاس طلب کرکے ناقص کارکردگی کے حامل پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو فوری تبدیل کرنے کی ہدایت کی ۔ اجلاس میں چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے پرائس کنٹرول، تجاوزات آپریشن، ستھرا پنجاب مہم ، سمگل شدہ آئل کے خلاف کریک ڈاؤن اور گندم، چینی اور کھاد کے زخیرہ اندوزوں کے خلاف اب تک کی کارروائی بارے بریفنگ بھی دی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن (ر) اورنگزیب حیدر خان کے علاوہ خوشاب، میانوالی اور بھکر کے ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :