یو ای ٹی لاہور میں ’’خلائی مشن سے خلائی ریسرچ تک‘‘کے موضوع پر ایک روزہ سیمینار

جمعہ 10 مئی 2024 17:17

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2024ء) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہورمیں فیکلٹی آف نیچرل سائنسز، ہیومینٹیز اور اسلامک اسٹڈیز کے تحت’’خلائی مشنز سے خلائی ریسرچ تک‘‘کے عنوان پر ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔سیمینار میں منصور احمدنے بطور مہمان مقرر شرکت کی،جو کہ ناسا میں بطور ایمریٹس خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔

وہ ناسا گوڈارڈ اسپیس فلائٹ سینٹر گرین بیلٹ، میری لینڈ یو ایس اے سے ریٹائر ہوئے جہاں انہوں نے بطورایسوسی ایٹ ڈائریکٹر ایسٹرو فزکس پروجیکٹ ڈویژن جبکہ کاسموس پروگرام اور کاسمک اوریجن پروگرام فزکس میں بطور پروگرام مینیجر کام کیا۔مہمان مقرر نے ہبل اسپیس ٹیلی سکوپ (HST)اور جیمز ویب اسپیس ٹیلی سکوپ کا استعمال کرتے ہوئے فلکیات کے علم میں اضافے کے حوالے سے اپنے مشاہدات اور تجربے کا پر روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

کائنات کے نظام،بگ بینگ ارتقا، اور زمین سے باہر کی زندگی سے متعلق مستقبل کے چیلنجز اور اسرار کو جامع طور پر بیان کیا۔ڈین فیکلٹی آف نیچرل سائنسز، ہیومینٹیز، اینڈ اسلامک سٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر محمد شاہد رفیق، چیئرمین فزکس ڈیپارٹمنٹ پروفیسر ڈاکٹر انور لطیف، چیئرمین شعبہ ریاضی پروفیسر ڈاکٹر مشتاق احمد، چیئرمین شعبہ اسلامک سٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر محمد شہباز سمیت پی ایچ ڈی، انڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ طلبا کے ساتھ فیکلٹی ممبران کی ایک بڑی تعداد نے سیمینار میں شرکت کی۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد شاہد رفیق، ڈین فیکلٹی آف نیچرل سائنسز، ہیومینٹیز، اور اسلامک اسٹڈیز نے سیشن کا اختتام کیا اور تمام شرکا بالخصوص مہمان مقرر منصور احمد کا شکریہ ادا کیا۔