ملک میں ایک بار پھر لسانی اور فرقہ واریت کے فسادات کرانے کی سازش ہو رہی ہے،بلال سلیم قادری

جمعہ 10 مئی 2024 19:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2024ء) پاکستان جب سے بنا ہے اس کو سازشی عناصر نے اپنے گہرے میں لیا ہوا ہے۔اور یہ عناصر وقتا فوقتا قومی اتحاد کو نقصان پہنچانے کی کوششیں کرتے رہتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار پاکستان سنی تحریک کے سیکرٹری جنرل علامہ بلال سلیم قادری شامی نے اندرون ملک سے آنے والے وفد سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئیکیا۔

بلال سلیم قادری نے کہا کہ ملک میں ایک بار پھر لسانی اور فرقہ واریت کے فسادات کرانے کی سازش ہو رہی ہے۔بیرونی طاقتیں کبھی بھی پاکستان کو مستحکم ہوتا ہوا نہیں دیکھ سکتی۔وہ ہماری کمزوری کا فائدہ اٹھا کر ہمیں آپس میں لڑانے کی ہر وقت کوششیں کرتی رہتی ہیں۔چندشر پسند عناصر قومیت کے نام پرقتل و غارت گری کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ملک اس وقت نازک دہرائے سے گزر رہا ہے۔

ہمیں قومی اتحاد اور آپسی بھائی چارے اشد ضرورت ہے۔جب ہم ایک قوم بن کر دشمن کے سامنے کھڑے ہوں گے تو دشمن کی کیا مجال کہ وہ ہمیں پسپا کر سکے۔بلال سلیم قادری نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم شر پسندوں سے بچیں اور اپنی صفوں میں اتحاد قائم کریں۔پوری قوم کو مل کر آنے والے مستقبل کے بارے میں سوچنا ہے۔ہمیں اپنی نسلوں کو اپنی نوجوان نسل کو اپنے بزرگوں کی جانب سے دی جانے والی قربانیوں کے بارے میں بتانا چاہیے۔

کتنی مشکل اور کتنی قربانیوں کے بعد ہم نے یہ وطن حاصل کیا ہے۔اج ایک بار پھر دشمنان اسلام ہمیں کمزور کرنے کے لیے ہماری صفوں میں ہلچل پیدا کر رہے ہیں۔ہمیں اپنے ذہنوں میں ایک بات بٹھا لینی چاہیے کہ سب مسلمان آپس میں بھائی بھائی ہیں اور مسلمان کبھی بھی کسی کو نقصان پہنچانے کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتا۔اس لیے اب ہمیں دشمن کی سازشوں کو سمجھ جانا چاہیے۔

ہمیں اپنی کمزوریوں کو ختم کر کے ملک دشمن عناصر کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑا ہونا ہے۔حالات کو تبدیل کرنا اور پریشانیوں کا مقابلہ ہم سب کو مل کر مقابلہ کرنا ہے۔ملک کی معاشی صورتحال اس وقت بہت خراب ہے مہنگائی بے روزگاری نے سب کا برا حال کر کے رکھ دیا ہے۔اپنے گھر بار سے دور ہو کر روزگار کی خاطر ہم کہاں کہاں نہیں جاتے اس لیے ملک کے حالات کو بہتر کرنے کے لیے ہم سب کو مل کر جدوجہد کرنی ہے۔