افغانستان میں شدید بارش اور سیلاب ، 50 افراد جاں بحق

بغلان کے 5 اضلاع میں سیلابی صورتحال ، سینکڑوں افراد پھنس گئے ،100سے زائد زخمی

ہفتہ 11 مئی 2024 13:33

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2024ء) افغانستان میں شدید بارش اور سیلاب کے نتیجے میں 50 افراد جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہو گئے ، درجنوں مکانات کو بھی نقصان پہنچا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغانستان کی وزارت داخلہ کے ترجمان عبدالمتین قنائی نے بتایا کہ شمالی صوبے بغلان میں شدید بارش اور سیلاب سے 50 افراد جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان وزارت داخلہ نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بغلان کے 5 اضلاع میں سیلابی صورتحال ہے، جہاں سینکڑوں افراد پھنسے ہوئے ہیں۔خیال رہے کہ افغانستان میں گزشتہ ماہ بھی طوفانی بارش سے درجنوں ہلاکتیں ہوئی تھیں، ڈیزاسٹر منیجمنٹ کے ترجمان نے ہلاکتوں کی تعداد 70 بتائی تھی ، پچھلے ماہ بارشوں سے 2600 گھروں کو نقصان پہنچا تھا جبکہ 95 ہزار ایکڑ زرعی اراضی تباہ ہو گئی تھی۔