Live Updates

تمام اسسٹنٹ کمشنرز ، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نان و روٹی کی مقرر کردہ قیمتوں پر عملدرآمد کیلئے چیکنگ کررہے ہیں، ڈپٹی کمشنر ننکانہ

ہفتہ 11 مئی 2024 13:45

ننکانہ صاحب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2024ء) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف اور ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب چوہدری محمد ارشد کی خصوصی ہدایت پر تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس ہر علاقے کی شاپس، ہوٹلز اور تندوروں پر نان و روٹی کی مقرر کردہ قیمتوں پر عملدرآمد کیلئے روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ کررہے ہیں، روٹی اور نان کی سرکاری قیمت کیخلاف ورزی پر ضلع بھر میں ابتک 77ہزار 705دکانوں اور تندوروں کی انسپکشن کی گئی جس کے دوران 675دوکانداروں کو 19لاکھ 57ہزار 500روپے سے زائد کا جرمانہ عائد کیا جاچکا ہے جبکہ نان و روٹی کی زائدقیت وصول کرنے والے 2دوکانداروں کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی گئی اور 2کو حراست میں لیا گیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر چوہدری محمد ارشد نے آفس چیمبر میں ہوٹلز اور تندور ایسوسی ایشن کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی عدنان ملہی سمیت تندور اور ہوٹل مالکان بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر چوہدری محمد ارشد نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس و دیگر ضلعی افسران نان و روٹی کی مقررہ نرخوں پر فراہمی کیلئے فیلڈ میں مکمل متحرک ہیں ، اسسٹنٹ کمشنرز و دیگر ضلعی افسران نان اور روٹی فروخت کرنے والی دوکانوں کی انسپکشن کررہے ہیں اور حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کو بھاری جرمانے عائد کیے جارہے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ حکومت پنجاب کی جانب سے آٹے کی قیمت کم ہونے پر ضلع ننکانہ صاحب میں 120گرام نان کی نئی قیمت 20روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ 100گرام روٹی کی نئی قیمت 15روپے مقرر کی گئی ہے جس پر مکمل عملدرآمد کروایا جا رہا ہے۔ ڈپٹی کمشنر ننکانہ نے کہا کہ نان و روٹی کی مقرر کردہ قیمتوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔اس موقع پر تندور اور ہوٹل ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے ڈپٹی کمشنر کو حکومتی احکامات پر مکمل عملدرآمد کرنے کی یقین دہانی کروائی۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات