شہبازشریف کا وزیراعظم آزاد کشمیرسے رابطہ ،صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار

وزیرا عظم کی مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے تمام عہدیداروں کو بھی ایکشن کمیٹی کے رہنمائوں سے بات کرنے کی ہدایت

اتوار 12 مئی 2024 18:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2024ء) وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر کے وزیراعظم سے رابطہ کرکے وہاں کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے آزاد جموں و کشمیر میں کشیدہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور وزیراعظم آزاد کشمیرچوہدری انوارالحق سے رابطہ کرکے انہیں بھی اپنی تشویش سے آگاہ کرتے ہوئے معاملے کے حل ہونے کی امید ظاہر کی ہے۔

(جاری ہے)

شہباز شریف نے کہا کہ تمام جماعتوں پر زور دیتا ہوں مطالبات کے حل کے لیے پرامن طریقہ کار کا سہارا لیں۔ انہوں نے کہا کہ قانون کو ہاتھ میں لینے اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانا قطعاً برداشت نہیں۔وزیراعظم نے کہاکہ بدقسمتی سے افراتفری کی صورتحال میں کچھ عناصر سیاسی پوائنٹ اسکور کرنے میں جلدی کرتے ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ ڈائیلاگ ، بحث ومباحثہ اور پرامن احتجاج جمہوریت کا حسن ہے، امید ہے کہ معاملہ جلد حل ہو جائے گا۔وزیرا عظم نے مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے تمام عہدیداروں کو بھی ایکشن کمیٹی کے رہنمائوں سے بات کرنے کی ہدایت کی ہے۔