’انکی ٹریننگ دوبارہ کروائیں لیکن کاکول سے نہ کروائیے گا، تماشائی کی چیئرمین پی سی بی سے فرمائش

محسن نقوی تماشائی کی بات سن کر مسکراتے رہے اور رضامندی کے انداز میں سر بھی ہلایا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 13 مئی 2024 14:44

’انکی ٹریننگ دوبارہ کروائیں لیکن کاکول سے نہ کروائیے گا، تماشائی کی ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 13 مئی 2024ء ) آئرلینڈ کے دارلحکومت ڈبلن میں ایک تماشائی نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی سے فرمائش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی ٹریننگ ٹھیک نہیں ہوئی، دوبارہ ٹریننگ کروائیں۔ پاکستان کرکٹ ٹیم اس وقت تین میچز کی ٹی 20 سیریز کے لیے ڈبلن میں موجود ہے، 10 مئی کو پہلے ئی 20 میچ میں پاکستان کو بُری شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

سیریز کے لیے ڈبلن جانے سے قبل 26 مارچ سے 7 اپریل تک قومی ٹیم نے پاکستان ملٹری اکیڈمی ، کاکول میں فٹنس ٹریننگ کی تھی۔ آئرلینڈ کے خلاف پہلے میچ میں قومی ٹیم کی شکست کے بعد محسن نقوی کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھانے کے لیے ڈبلن روانہ ہوگئے تھے۔ اس دوران ان کی سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے، تماشائی کو ویڈیو میں کہتے سنا جاسکتا ہے کہ ان کی ٹریننگ ٹھیک نہیں ہوئی، دوبارہ کروائیں لیکن ’وہاں‘ (کاکول) سے نہ کروائبے گا۔

(جاری ہے)

مداح نے چیئرمین پی سی بی سے یہ بھی کہا کہ اب ان کی ٹریننگ پاکستان کرکٹ بورڈ سے ہی کروائیے گا‘۔
محسن نقوی تماشائی کی بات سن کر مسکراتے رہے اور رضامندی کے انداز میں سر بھی ہلایا۔