Live Updates

یہ واضح کردوں جو بھی ہوگا آئین قانون کے مطابق ہوگا، کسی سے کوئی ڈیل نہیں کریں گے

مذاکرات کی بات صرف دکھاوا ہے، ان کے پاس مینڈیٹ ہی نہیں صرف23 سیٹیں ہیں، مذاکرات کیلئے ماحول بنانا ہوتا ہے، ہمیں جلسے نہیں کرنے دیئے جارہے، خیبرپختونخواہ میں فنڈز نہیں دیئے جارہے۔مرکزی رہنماء پی ٹی آئی اسد قیصر

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 13 مئی 2024 23:39

یہ واضح کردوں جو بھی ہوگا آئین قانون کے مطابق ہوگا، کسی سے کوئی ڈیل ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 مئی 2024ء) پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماء سابق اسپیکر اسد قیصر نے کہا ہے کہ جو بھی ہوگا آئین قانون کے مطابق ہوگا ،کسی سے کوئی ڈیل نہیں کریں گے، حکومت کی مذاکرات کی بات صرف دکھاوا ہے، ان کے پاس مینڈیٹ نہیں ہے، صرف 23 سیٹیں ہیں۔ انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈائیلاگ کے معاملے پر پارٹی میں بات چیت مشاورت ہورہی ہے، فیصلے کورکمیٹی کرتی ہے، عمران خان سے بات ہوجائے گی تو پھر ہم ردعمل دیں گے، ڈائیلاگ کا بیان صرف سیاسی بیان ہے، مذاکرات کیلئے ماحول بنانا ہوتا ہے، یہ نہیں ہوتا کہ ایک طرف تھپڑ مار رہے دوسری طرف کہتے آؤ ڈائیلاگ کریں ۔

ہمارے مینڈیٹ کو روزانہ کم کیا جارہا ہے، ہمیں جلسے نہیں کرنے دیئے جارہے۔

(جاری ہے)

جلسے کرنا ہمارا آئینی قانونی حق ہے۔ ہمارے نزدیک آئین بالاتر ہے، ہر کسی کو اپنی آئینی حدود میں رہنا چاہئے، فوج ہم سب کا ادارہ ہے ڈی جی آئی ایس پی آر کو پریس کانفرنس نہیں کرنی چاہیے تھی، جو بھی ہوگا آئین قانون کے مطابق ہوگا ،کسی سے کوئی ڈیل نہیں کریں گے، حکومت کی مذاکرات کی بات صرف دکھاوا ہے، ان کے پاس مینڈیٹ نہیں ہے، صرف 23 سیٹیں ہیں، خیبرپختونخواہ میں عوام نے ہمیں 100فیصد مینڈیٹ دیا لیکن ہمیں وہاں فیل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، فنڈز نہیں دیئے جارہے، فاٹا سے متعلق کوئی وعدہ پورا نہیں کیا جارہا ہے۔

دوسری جانب سینئر سیاستدان اور سینیٹر فیصل واوڈا نے جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن میں دھاندلی تو ایک معمول ہے، دھاندلی ہر الیکشن میں ہوتی ہے، دھاندلی 2008 سے 2018 کے الیکشن میں بھی ہوئی، جوڈیشل کمیشن بنتے رہیں گے کبھی فیصلہ ہوتے نہیں دیکھا، ہاں کمیشن لوگوں کی جیبوں میں جاتے دیکھا، یہی نوکری ہے، یہی فارم 47 ہے اور یہی چھولے ہیں، یہی حکومت ہے اسی کے ساتھ لین دین کیلئے مذاکرات کرسکتے ہیں ، اس کے آگے کچھ نہیں ہے، میں حکمران اتحاد یا اپوزیشن کا حصہ نہیں ہوں،میں نے لکھ کر دے دیا کہ میں آزاد ہوں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات