قومی اسمبلی گیلری میں مہمانوں کی آمد پر پابندی عائد

گزشتہ روز نعرے بازی اور ہلڑ بازی کے باعث پابندی لگائی گئی

Sajid Ali ساجد علی منگل 14 مئی 2024 15:14

قومی اسمبلی گیلری میں مہمانوں کی آمد پر پابندی عائد
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 مئی 2024ء ) سپیکر سردار ایاز صادق نے قومی اسمبلی کی گیلری میں مہمانوں کی آمد پر پابندی عائد کردی۔ تفصیلات کے مطابق سپیکر سردار ایاز صادق کی زیرصدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا، سپیکر قومی اسمبلی نے مہمانوں کی اسمبلی آمد پر پابندی عائد کر دی، گزشتہ روز مہمانوں کی گیلریز سے نعرے بازی اور ہلڑ بازی کرنے کی وجہ سے پابندی عائد کی گئی، جس کے باعث آج کے اجلاس کے لیے کسی بھی وزیر یا رکن اسمبلی کے مہمانوں کے لیے پاسز جاری نہیں کیے گئے، قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران مہمانوں کی گیلریز خالی رہیں۔

دوسری طرف مخصوص نشستوں پر اراکین کی معطلی سے قومی اسمبلی میں قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل کھٹائی میں پڑ گئی کیوں کہ الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کی وجہ سے پارٹی پوزیشن تبدیل ہو چکی ہے اور جو اراکین قائمہ کمیٹیوں میں شامل ہو سکتے تھے وہ بھی معطل ہوگئے ہیں، نئی پیشرفت کے بعد اب قائمہ کمیٹیوں کی چیئرمین شپ اور ممبران سے متعلق اب دوبارہ غور ہوگا، چیئرمین شپ اور اراکین کی شمولیت سے متعلق فارمولا بھی دوبارہ طے کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن نے اضافی مخصوص نشستوں پر 77 ارکان کی رکینت معطل کر دی ہے، قومی اسمبلی سے اضافی مخصوص نشستوں پر 22 منتخب ارکان معطل کیے گئے ہیں، جن میں 19 خواتین اور 3 اقلیتی ارکان شامل ہیں، جب کہ خیبر پختونخوا اسمبلی سے اضافی مخصوص نشستوں پر منتخب 25 ارکان معطل کیے گئے، معطل ہونے والوں میں 21 خواتین اور 4 اقلیتی ارکان شامل ہیں، اسی طرح پنجاب اسمبلی سے 27 ارکان معطل ہوئے، جن میں 24 خواتین اور 3 اقلیتی رکن شامل ہیں، اس کے علاوہ سندھ اسمبلی سے مخصوص نشستوں پر منتخب 3 ارکان معطل کیے گئے، 2 خواتین اور 1 اقلیتی رکن شامل معطل ہونے والوں میں شامل ہیں۔