یونیورسٹی آف سرگودھا میں سماجی خدمات پر مشتمل مختلف سرگرمیوں کا انعقاد

منگل 14 مئی 2024 18:35

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2024ء) یونیورسٹی آف سرگودھا میں طلبہ میں سماجی خدمات کی اہمیت اجاگر کرنے کیلئے ڈیپارٹمنٹ آف سوشیالوجی اینڈ کریمنالوجی کے زیر اہتمام سماجی خدمات پر مشتمل مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔ اس سلسلہ میں پرو وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا و چیئرپرسن شعبہ سوشیالوجی اینڈ کریمنالوجی پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یاسین کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے لیکچرر شعبہ سوشیالوجی زرقا اظہر کی نگرانی میں بی ایس سوشیالوجی کے طلبہ نے ماڈل چلڈرن ویلج فار بوائز سرگودھا کا دورہ کیا۔

طلبہ نے ایک دن بے گھر اور یتیم بچوں کے ساتھ گزارا، چلڈرن ویلج کے بچوں میں تحائف تقسیم کیے اور مختلف تفریحی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جن کا مقصد یہ تھا کہ ان بے گھر بچوں کو یہ احساس دلایا جائے کہ وہ معاشرے کا مفید حصہ ہیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح طلبہ نے تھیلیسیمیا سنٹر میں خدمات سر انجام دینے والے افراد کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا۔

تقریب میں تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کی حوصلہ افزائی کیلئے کیک کاٹا گیا اور انہیں تحائف پیش کیے گئے۔ تقریب میں حصہ لینے والے طلبہ کو تھیلیسیمیا سنٹر کی خدمات اور معاشرے پر مثبت اثرات سے متعلق لیکچرر شعبہ سوشیالوجی زرقا اظہر نے بریفنگ دی۔ سماجی خدمات کے سلسلہ میں منعقدہ تیسری سرگرمی میں ماؤں کے عالمی دن کے تسلسل میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔محکمہ صحت کے تعاون سے منعقدہ اس میڈیکل کیمپ میں خواتین بالخصوص ماؤں کو مفت طبی چیک اپ اور ادویات فراہم کی گئیں۔اس موقع پر زرقا اظہر نے کہا کہ ماں کا صحت مند ہونا مثالی معاشرتی ترقی کیلئے بہت اہمیت کا حامل ہے ، اس لیے ماؤں کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرنا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :