> گورنر ہائو س میں صرف پیپلزپارٹی ہی نہیں تمام جماعتیں آسکتی ہیں۔ پی ٹی آئی، مسلم لیگ ن ، جے یو آئی اور تمام جماعتیں گورنر ہاو ٴس آ سکتی ہیں،سردار سلیم حیدر

منگل 14 مئی 2024 21:10

b اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 مئی2024ء) سردار سلیم حیدرخان گورنر کی تقرری کے بعد پہلی مرتبہ منگل کے روز اپنے آبائی علاقے پنڈی گھیب گئے تو عوام نے مختلف مقامات پر ان کا شاندار استقبال کیا۔ عوام گورنر سردار سلیم حیدر خان کی ایک جھلک دیکھنے کے لئے بہت پرجوش نظر آئے اور جئے بھٹو کے نعروں سے فضا گونج اٹھی۔ سردار سلیم حیدر خان نے راستے میں استقبال کے لئے آنے والے عوام کو دیکھ کر ہاتھ ہلایا اور مختلف جگہوں پر رک کر ان سے خطاب بھی کیا۔

انہوں نے کہا کہ میں اپنے اہل علاقہ کی جانب سے شاندار استقبال پر شکر گزار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کا گورنر سردار سلیم حیدر نہیں بلکہ اٹک کا بچہ بچہ ہے۔ میرا گورنر بننا اٹک کی عزت و وقار ہے۔ آج پتا چل گیا ہے کہ اٹک پنجاب کی حکمرانی کا حصہ ہے۔

(جاری ہے)

سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ گورنر ہائو س میں صرف پیپلزپارٹی ہی نہیں تمام جماعتیں آسکتی ہیں۔

پی ٹی آئی، مسلم لیگ ن ، جے یو آئی اور تمام جماعتیں گورنر ہاو ٴس آ سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں پاکستان پیپلزپارٹی کا نہیں پنجاب کا گورنر ہوں اور میں نے پنجاب کا نہیں لوگوں کے دلوں کا گورنر بننا ہے۔سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ ہر شعبے میں بہت سی مشکلات ہیں جنہیں دور کریں گے اور میں پنجاب کی بہتری کے لئے کوشاں رہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں سڑکوں کی تعمیر اور مرمت کی جائے گی اور پنڈی گھیب میں یونیورسٹی بنائی جائے گی۔

سردار سلیم حیدر خان نے تقریر کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے پونے چار سالہ اقتدار میں ملک کی ترقی روک دی گئی اور جھوٹ کے ذریعے نوجوانوں کے ذہنوں کو پراگندا کیا گیا۔ اب ملک میں بہتری کی امید پیدا ہوئی ہے۔ سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی آج بھی لوگوں کے دلوں میں ہے۔ مجھے تو صرف اس ملک کی بہتری کے لئے کام کرنا ہے اور عوام کی بہتری اولین ترجیح ہے۔ ملک بہتری کے راستے پر گامزن ہے۔ ایران کے صدر اور سعودی عرب کے وفود نے پاکستان کا دورہ کیا اور اگر حالات اسی طرح چلتے رہے تو پاکستان کو ترقی کرنے سے کوئی نہیں روک سکے گا۔