گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کی گولڑہ شریف اور بری امام پر حاضری

منگل 14 مئی 2024 21:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2024ء) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے دربار عالیہ گولڑہ شریف اور بری امام کا دورہ کیا اور اس موقع پر روحانی شخصیات اور بزرگان دین کی قبور پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور فاتحہ خوانی کی۔ دربار عالیہ گولڑہ شریف پر سجادہ نشین پیر سید نظام الدین جامی گیلانی نے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کا استقبال کیا۔

بری امام پر فاتحہ خوانی کے بعد گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے طول و عرض میں موجود روحانی شخصیات نے ہمیشہ امن اور بھائی چارے کا سبق دیا ہے جس کی وجہ سے ہمارے معاشروں میں تحمل اور برداشت کی عظیم روایات قائم ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی خاطر اپنی جان کے نذرانے پیش کرنے والے ملک کے اصل ہیرو ہیں اور ہر پاکستانی کو اپنے شہداء پر فخر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کے جوان رات کے اندھیروں میں بھی ملک کی سرحدوں کی حفاظت کرتے ہیں اور اپنی جان قربان کرنے کے لئے ہر دم تیار رہتے ہیں اور ہم ان سب کو اخراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنی افواج کو یقین دلاتے ہیں کہ پاکستان کی عوام ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ مہنگائی اور دہشتگردی کے حوالے سے ملک ایک مشکل صورتحال سے گزر رہا ہے لیکن ان تمام چیلنجز کا سامنا کرنے کے لئے ہمیں متحد ہونا پڑے گا اور باہمی اعتماد اور برداشت کے ساتھ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہے تو ہم ہیں اور ہمیں اپنی تمام سیاسی، مذہبی اور سماجی وابستگیوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اس ملک کی بقا اور اس کی ترقی کے لئے کوششیں کرنی چاہیے۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ ملک کی خاطر سیاسی جماعتیں اکٹھی ہوئی ہیں اور وہ پنجاب میں سیاسی استحکام اور تعاون کے لئے ایک پل کا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی صورتحال پر دکھ ہے لیکن حکومت نے مظاہرین کے تمام مطالبات تسلیم کر لیے ہیں جس کے بعد امن و امان قائم ہو جانا چاہئے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ راولپنڈی ڈویژن بھی ملک کے ہر حصے کی طرح اولیاء کرام کی سرزمین ہے اور انہی عظیم ہستیوں کی وجہ سے اس ملک میں اسلام پھیلا اور امن اور بھائی چارہ عام ہوا ہے۔