پولیس ریکروٹمنٹ کے لیئے جسمانی امتحان کا آغاز 23, مئی سے ہوگا

جسمانی ٹیسٹ مراکزپرتمام سہولیات کی دستیابی کویقینی بنایا جائے، آئی جی سندھ

منگل 14 مئی 2024 22:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2024ء) آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی زیر صدارت سندھ پولیس میں خالی آسامیوں پر جسمانی/ رننگ ٹیسٹ کے انعقاد کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس کیا گیا جس میں موسمی حالات اور گرمی کی شدت کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے باہم تجاویز و مشاورت پر مشتمل فیصلے کیے گئے سینٹرل پولیس آفس کراچی میں منعقدہ اجلاس/ ویڈیو لنک کانفرنس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی،ڈی آئی جیز، اسپیشل برانچ، ٹریفک، اسٹیبلشمنٹ،آرآرایف، سی آئی اے نیبالمشافہ جبکہ حیدرآباد،میرپور خاص،سکھر،لاڑکانہ اور شہیدبینظیرآباد نے زریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔

اجلاس کو دی جانیوالی بریفنگ میں ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ نے پولیس ریکروٹمنٹ کے ضروری مراحل،خالی آسامیوں،موصول ہونیوالی درخواستوں اور جسمانی ٹیسٹ کے انتظامات کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ محکمہ پولیس سندھ میں صوبائی سطح پر مختلف پولیس رینجز/ اضلاع میں پولیس کانسٹیبلز کی 11108 خالی اسامیوں کے لیئے خواہش مند امیدواران کی جانب سے مجموعی طور پر 02 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں ہیں۔

موصول ہونیوالی درخواستوں کو سامنے رکھتے ہوئے پولیس ریکروٹمنٹ کے لیئے جسمانی رننگ ٹیسٹ کا آغاز صوبائی سطح پر 23,مئی 2024 سے باقاعدہ کردیا جائیگا جبکہ اس ضمن میں سندھ پولیس کی تمام رینجز کے سربرایان کو تمام تر ضروری امور اختیار کرنیکی بابت ہدایات بھی جاری کردی گئی ہیں۔آئی جی سندھ نے اجلاس کو ہدایات دیں کہ جسمانی/ رننگ ٹیسٹ کے لیئے منتخب کردہ تمام مراکز پر بجلی،پینے کے صاف پانی،طبی امداد، ایمبولینس کی دستیابی ودیگرضروری سہولیات کو یقینی بنایا جائے۔

جبکہ موسمی حالات اور گرمی کی شدت کو سامنے رکھتے ہوئے جسمانی ٹیسٹ دوپہرمیں منعقدنا کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس ریکروٹمنٹ کے لیئے ابتدائی ٹیسٹ کے حوالے سے منتخب کردہ تمام مراکز میں سی سی ٹی وی کیمراز کی تنصیب کے اقدامات کیئے جائیں جبکہ تمام مراکز پر یہ زمہ داری عائد کی جاتی ہیکہ وہ پولیس ریکروٹمنٹ کے تمام مراحل کے ریکارڈ کی دستیابی کو لازمی بنائیں گے۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ تمام امیدواران کے جسمانی/ رننگ ٹیسٹ کے نتائج مکمل ہوتے ہی ویب سائٹ پر جاری کردیئے جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پولیس رینجز/ اضلاع کے ٹیسٹ مراکز میں پولیس بھرتی کے خواہش مند امیدواروں کے لیئے بہترین اور معیاری انتظامات پر افسران اور ان کی ٹیمز کو ناصرف کیش ریوارڈز بلکہ تعریفی اسناد بھی دی جائیں گی۔