توانائی جدید معیشت کیلئے انتہائی اہم ہے،احسن اقبال

ہم بجلی پیدا کرتے ہیں لیکن اس کے بل لینے کی صلاحیت نہیں رکھتے نتیجہ یہ ہے کہ جو فرق ہے وہ گردشی قرضہ پیداکررہا ہے جو ناقابل برداشت بنتا جارہا ہے،تقریب سے خطاب

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 15 مئی 2024 12:24

اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15 مئی 2024) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ توانائی جدید معیشت کیلئے انتہائی اہم ہے،ہم بجلی پیدا کرتے ہیں لیکن اس کے بل لینے کی صلاحیت نہیں رکھتے نتیجہ یہ ہے کہ جو فرق ہے وہ گردشی قرضہ پیداکررہا ہے جو ناقابل برداشت بنتا جارہا ہے۔ ہماری پہچان کرپشن نہیں محنت اور ذہانت ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم نے پیداوار بڑھالی تو ہم سب سے زیادہ پیداواری صلاحیت والے دنیا کے 3 بڑے ممالک میں شاید شامل ہوسکتے ہیں۔

ہم صحیح فیصلے نہیں کرتے تو ناکامی قدرتی نہیں بلکہ ہماری کوتاہیوں کی وجہ سے ہوگی، اگر ہم اسی رفتار پر چلیں گے 2047 تک ہم 12 کھرب ڈالر اکانومی بنیں گے، لیکن اس وقت تک ہماری آبادی 40 کروڑ سے اوپر جاچکی ہوگی اور تب ہم لوگوں کو روٹی کھلانے کے بھی قابل نہیں ہوں گے۔

(جاری ہے)

ہمیں پانی کے وسائل کو تحفظ دینا ہے، موسمیاتی تبدیلی صرف سیلاب نہیں بلکہ قحط سالی بھی لائے گی تو اس کیلئے ہمیں پانی کے ذخائز کیلئے انتظامات کرنے ہیں۔

ترقی صرف عمارتیں بنانے سے نہیں ہوتی، ہماری سوسائیٹی کو ایک سافٹ ویئر چاہیے کہ ترقی میں سب کی شمولیت شامل ہو، ہمیں بے اختیار لوگوں کو با اختیار بنانا ہے، جہاں خواتین ترقی میں شامل نہیں وہاں ترقی نہیں ہوتی تو ہمیں اپنی عورتوں کو با اختیار بنانا ہے، اور ہمیں نوجوانوں کو بھی با صلاحیت بنانا ہے، ان کی صلاحیتوں سے پاکستان تیزی سے آگے بڑھ سکتا ہے۔موسمیاتی تبدیلی کیلئے دو چیلنجز ہیں جس میں ہم نے توجہ دینی ہے وہ ہے غذائی تحفظ اور پانی کا تحفظ کے کس طرح زراعت میں گرین ریوولیوشن لائیں اور پیداواری صلاحیت کو بڑھائیں۔ہم ایک محنتی قوم ہیں۔ ہم اسی سے پوری دنیا میں پہچانے جاتے ہیں۔ہم اسی کے ساتھ ملک کے حالات بدلیں گے۔