Live Updates

تمام کیسز جھوٹے ہیں، کیسز کا سامنا کر کے سرخرو ہوں گا

اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے بانی تحریک اںصاف اور شاہ محمود قریشی کی سائفر کیس میں بریت پر عمران خان کا ردعمل

muhammad ali محمد علی پیر 3 جون 2024 22:35

تمام کیسز جھوٹے ہیں، کیسز کا سامنا کر کے سرخرو ہوں گا
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 جون 2024ء ) عمران خان کا کہنا ہے کہ کیسز کا سامنا کر کے سرخرو ہوں گا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے بانی تحریک اںصاف اور شاہ محمود قریشی کی سائفر کیس میں بریت پر بانی تحریک انصاف عمران خان نے ردعمل دیا ہے۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ تمام کیسز جھوٹے ہیں، کیسز کا سامنا کر کے سرخرو ہوں گا۔

دوسری جانب سائفر مقدّمے میں ٹرائل کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیلوں کی اسلام آباد ہائیکورٹ سے منظوری پر ترجمان پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی برّیت کے فیصلے پر ربّ العزت کا شکر ادا کرتے ہیں، اڈیالہ میں ناحق قید عمران خان اور ان کے پابندِ سلاسل ساتھی عزم و استقلال، ہمّت اور سیاسی بلوغت و کردار کا جیتا جاگتا استعارہ ہیں، اللہ کے فضل و احسان اور قوم خصوصاً ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی دعاؤں سے جھوٹے، جعلی، من گھڑت، بے بنیاد اور بیہودہ مقدّمات کی اونچی فصیلیں ریزہ ریزہ ہو کر بکھر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

پارٹی سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بدترین سیاسی انتقام اور ننگی لاقانونیّت پر بضد ریاستی بندوبست کے سامنے سرنگوں ہونے، کسی بیماری کی آڑ میں ملک سے بھاگ جانے یا کسی ذلّت آمیز این آر او کے پیچھے چھپنے کی بجائے عمران خان چٹان کی طرح اپنے اصولوں پر کھڑا ہے، پہلے توشہ خانہ پر ریاستی بیانیے کے پرخچے اڑے، آج سائفر کیس میں جنگل راج کی دو برس کی کڑی محنت دارالحکومت کے سوریج سسٹم میں بہہ گئی۔

پارٹی ترجمان کا کہنا ہے کہ بانی چیئرمین اور ان کی اہلیہ کے خلاف عدّت کیس بھی اپنے مقدمہ سازوں کے چہرے سیاہ کر چکا ہوتا اگر ٹرائل کورٹ کے جج کو فیصلہ سنانے سے روک کر معاملہ نئے جج کو نہ منتقل کردیا جاتا، عمران خان کے خلاف تمام 203 مقدّمات کا انجام یہی ہے، سب ایک روز ردّی کی ٹوکری کا رزق بن جائیں گے، جنگل راج کے شکنجے میں جکڑے نظامِ عدل سے اپنے لیے انصاف طلب کرکے اور عوام اور صرف عوام ہی کو ملک کی فیصلہ کن مقتدر قوت تسلیم کرکے عمران خان نے ملکی سیاست کو غیرسیاسی مداریوں اور غیردستوری عطائیوں کی نحوست سے آزاد کر دیا ہے۔

ترجمان تحریک انصاف نے مزید کہا ہے کہ ظلم و جبر کی رات عنقریب ڈھلنے اور دستور، قانون، جمہوریت اور سلطانئی جمہور کی روشن صبح جلد پھوٹنے کو ہے، اپنی عدلیہ سے ملتمس ہیں کہ بانی چیئرمین عمران خان اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی سمیت تمام سیاسی قیدیوں کے خلاف جھوٹے مقدّمات جلد از جلد نمٹائے جائیں اور انہیں جیلوں سے رہا کیا جائے۔
Live پی ٹی آئی پر پابندی سے متعلق تازہ ترین معلومات