وزیر اعلٰی مریم نواز کا "ہمت کارڈ" منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ

پہلے فیز میں سپیشل افراد کو تین سال کے لئے ماہانہ وظائف دینے کا فیصلہ، سپیشل افراد کو دوسرے مرحلے میں 14قسم کے معاون آلات بھی دیئے جائیں گے

muhammad ali محمد علی پیر 3 جون 2024 23:00

وزیر اعلٰی مریم نواز کا "ہمت کارڈ" منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 جون2024ء) وزیر اعلٰی مریم نواز کا "ہمت کارڈ" منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ، پہلے فیز میں سپیشل افراد کو تین سال کے لئے ماہانہ وظائف دینے کا فیصلہ، سپیشل افراد کو دوسرے مرحلے میں 14قسم کے معاون آلات بھی دیئے جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پیر کے روز وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے خصوصی اجلاس میں چیف منسٹر ہمت کارڈ پراجیکٹ کا جائزہ لیا۔

اجلاس میں سینیٹرپرویز رشید، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب،چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان،ایم پی اے ثانیہ عاشق، پرنسپل سیکرٹری ساجد ظفر ڈال،سیکرٹری سی ایم آفس دانش افضال، سیکرٹری سوشل ویلفیئر اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے چیف منسٹر ہمت کارڈ پراجیکٹ کی منظوری دے دی۔

(جاری ہے)

پہلے فیز میں خصوصی افراد کو تین سال کے لئے ماہانہ وظائف دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے خصوصی افراد کا وظیفہ چھ ہزار سے ساڑھے 7 ہزار روپے کر دیا ہے۔ تقریباً 30ہزار خصوصی افراد کو تین سال تک ماہانہ ساڑھے 7 ہزار روپے وظیفہ ملے گا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے وہیل چیئر کے لئے آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کی۔ ضرورت مند افراد وزیر اعلیٰ آفس کی ہیلپ لائن 0800-02345 پر وہیل چیئر کے لئے رجوع کر سکتے ہیں ۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ خصوصی افراد کو دوسرے مرحلے میں 14قسم کے معاون آلات بھی دیئے جائیں گے۔ خصوصی افراد کی زندگی سہل بنانے کے لئے وہیل چیئر، ہیرنگ ایڈ، ٹرائی سائیکل، بریل اور دیگر آلات مہیا کیے جائیں گے۔ خصوصی افراد کو مرحلہ وار سبسڈئزپبلک ٹرانسپورٹ سہولت اور لون بھی دیئے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ خصوصی افراد ہمارے لئے بہت اہم ہیں،ہر ممکن معاونت کریں گے۔