ہماری پہچان کرپشن نہیں محنت اور ذہانت ہے، احسن اقبال

اگر ہم صحیح فیصلے نہیں کرتے تو ناکامی قدرتی نہیں ،ہماری کوتاہیوں کی وجہ سے ہوگی،وفاقی وزیر

بدھ 15 مئی 2024 14:44

ہماری پہچان کرپشن نہیں محنت اور ذہانت ہے، احسن اقبال
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2024ء) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہماری پہچان کرپشن نہیں محنت اور ذہانت ہے، ہم اسی سے پوری دنیا میں پہچانے جاتے ہیں۔پاکستان ڈیویلپمنٹ سمٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم ایک محنتی قوم ہیں، ہم اسی کے ساتھ ملک کے حالات بدلیں گے، اس موسمیاتی تبدیلی کے لیے دو چیلنجز ہیں جس میں ہم نے توجہ دینی ہے وہ ہے غذائی تحفظ اور پانی کا تحفظ کے کس طرح زراعت میں گرین ریوولیوشن لائیں اور پیداواری صلاحیت کو بڑھائیں۔

انہوں نے بتایا کہ اگر ہم نے پیداوار بڑھالی تو ہم سب سے زیادہ پیداواری صلاحیت والے دنیا کے 3 بڑے ممالک میں شاید شامل ہوسکتے ہیں۔احسن اقبال نے کہا کہ ہمیں پانی کے وسائل کو تحفظ دینا ہے، موسمیاتی تبدیلی صرف سیلاب نہیں بلکہ قحط سالی بھی لائے گی تو اس کے لیے ہمیں پانی کے ذخائزر کے لیے انتظامات کرنے ہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر کے مطابق توانائی جدید معیشت کے لیے انتہائی اہم ہے، ہم بجلی پیدا کرتے ہیں لیکن اس کے بل لینے کی صلاحیت نہیں رکھتے نتیجہ یہ ہے کہ جو فرق ہے وہ گردشی قرضہ پیدا کیا جارہا ہے جو ناقابل برداشت بنتا جارہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ترقی صرف عمارتیں بنانے سے نہیں ہوتی، ہماری سوسائیٹی کو ایک سافٹ ویئر چاہیے کہ ترقی میں سب کی شمولیت شامل ہو، ہمیں بے اختیار لوگوں کو با اختیار بنانا ہے، جہاں خواتین ترقی میں شامل نہیں وہاں ترقی نہیں ہوتی تو ہمیں اپنی عورتوں کو با اختیار بنانا ہے، اور ہمیں نوجوانوں کو بھی با صلاحیت بنانا ہے، ان کی صلاحیتوں سے پاکستان تیزی سے آگے بڑھ سکتا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر ہم صحیح فیصلے نہیں کرتے تو ناکامی قدرتی نہیں بلکہ ہماری کوتاہیوں کی وجہ سے ہوگی، اگر ہم اسی رفتار پر چلیں گے 2047 تک ہم 12 کھرب ڈالر اکانومی بنیں گے، لیکن اس وقت تک ہماری آبادی 40 کروڑ سے اوپر جاچکی ہوگی اور تب ہم لوگوں کو روٹی کھلانے کے بھی قابل نہیں ہوں گے۔انہوںنے کہاکہ یہ پاکستان سب کا ہے اور اس کو آگے بڑھانے میں ہم سب نے کردار ادا کرنا ہے۔