پاکستان اور چین کا اعلیٰ سطح کے تبادلوں کے ذریعے دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے کا عزم کا اعادہ

بدھ 15 مئی 2024 20:50

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2024ء) پاکستان اور چین نے اعلیٰ سطحی تبادلوں اور دوطرفہ مشاورتی طریقہ کار کے ذریعے دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے جبکہ دونوں ممالک نے چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ کے دوسرے مرحلے میں اعلیٰ معیار کی ترقی کو آگے بڑھانے کے عزم کی بھی تجدید کی جس میں ترقی، اختراع، روزگار اور گرین کوریڈور سمیت پانچ راہداریوں پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے بدھ کو ایک بیان میں کہا کہ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بیجنگ میں سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے پولٹ بیورو کے رکن اور وزیر خارجہ وانگ یی کے ساتھ چین پاکستان سٹریٹجک ڈائیلاگ کے پانچویں دور کی مشترکہ صدارت کی۔

(جاری ہے)

دونوں اطراف نے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لیا اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

چین پاکستان ’آل ویدر سٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ‘ کا ذکر کرتے ہوئے نائب وزیراعظم نے چین کے ساتھ تعلقات کو پاکستان کی خارجہ پالیسی کا سنگ بنیاد قرار دیا۔ انہوں نے جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کی وجہ سے علاقائی امن و سلامتی کو درپیش خطرات کو اجاگر کیا اور تنازعہ جموں و کشمیر پر چین کے اصولی موقف کو سراہا۔