لاہور میں گلوبل بزنس سلوشنز مرکز کا افتتاح،برٹش امریکن ٹوبیکو کی پاکستان میں شیئرڈ سروسز سیکٹر میں سرمایہ کاری

بدھ 15 مئی 2024 22:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2024ء) برٹش امریکن ٹوبیکو گروپ کی جانب سے پاکستان میں سروسز بزنس میں سرمایہ کاری کے تحت لاہور میں جدید ترین سہولیات سے آراستہ گلوبل بزنس سلوشنز مرکز کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے برٹش امریکن ٹوبیکو کے گروپ ڈائریکٹر ڈیجیٹل انفارمیشن جاوید اقبال نے کہا کہ بی اے ٹی گروپ کی جانب سے سروسز سیکٹر میں سرمایہ کاری سے پاکستان کے نوجوان ٹیلنٹ کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے جبکہ پاکستان کو فارن ایکسچینج کی مد میں زرمبادلہ حاصل ہو گا۔

اس سرمایہ کاری سے باقی بین الاقوامی کمپنیوں کے لیے بھی مثال قائم ہو گی کہ وہ پاکستان میں شیئرڈ سروسز سیکٹر میں سرمایہ کاری کریں ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان ٹوبیکو کمپنی کے سابق چیئر مین معین افضل نے کہا کہ وہ گلوبل بزنس سلوشنز مرکز کے قیام کیلئے پاکستان کے چنائو پر بی اے ٹی گروپ کے مشکور ہیں اور اس جدید ترین سہولیات سے آراستہ مرکز کی تشکیل پر گروپ کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

چیئر مین پاکستان ٹوبیکو کمپنی نے کہا کہ پاکستان ملٹی نیشنل گروپس کیلئے سرمایہ کاری کے حوالے سے ایک پر کشش ملک ہے کیونکہ ہمارے پاس بے پناہ ٹیلنٹ ہے، نہایت پر عزم افرادی قوت ہے اور ساتھ ہی حکومت کی جانب سے مکمل تعاون بھی ہے۔ ہمارے گریجویٹس نہایت ذہین ہیں جبکہ یہاں ٹیکنالوجی کے حوالے سے معیشت میں بہتری کے بہترین مواقع میسر ہیں۔میں دیگر کمپنیوں کی پاکستان میں سرمایہ کاری پر حوصلہ افزائی کرتا ہوں تاکہ وہ ہماری سروسز سے استفادہ کرتے ہوئے نہ صرف اپنے کاروبار کو مزید ترقی دیں بلکہ پاکستان بھی کامیابی کی نئی منازل کو پہنچے۔

بی اے ٹی گروپ کے جنرل منیجر برائے گلوبل بزنس سلوشنز پاکستان زبیر خان نے کہا کہ قلیل عرصے میں ہم نے ایک ایسے ادارے کا روپ اختیار کر لیا ہے جو 350سے زائد بہترین ٹیلنٹ کو روزگار کی فراہمی کے ساتھ ساتھ شیئرڈ سروسز سیکٹر میں 50سے زائد ممالک کو خدمات فراہم کی جا رہی ہیں ، اس وقت 50ممالک بشمول جاپان، متحدہ عرب امارات، ملائیشیا، آسٹریلیا اور ترکی کو فائنانس، مارکیٹنگ، سپلائے چین، ڈیٹا اینالٹکس اور دیگر متعلقہ امور میں سروسز فراہم کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 10سالوں کا ہمارا عزم ہے کہ گلوبل بزنس سروسز کے ذریعے ترقی کی اس رفتار کو قائم رکھا جائے اور پاکستان کے ٹیلنٹ اور معیشت کی بہتر میں سرمایہ کاری جاری رکھی جائے تاکہ عمومی طور پر پاکستان ترقی کی منازل طے کرتا رہے۔