وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے عراق کے سفیر حامد عباس لفتا کی ملاقات

جمعرات 16 مئی 2024 17:20

راولپنڈید (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2024ء) وفاقی وزیر دفاع و دفاعی پیداوار خواجہ محمد آصف سے عراق کے سفیر حامد عباس لفتا نے اسلام آبادمیں ملاقات کی۔ وزیر دفاع نے کہا کہ دونوں ممالک کو اپنے تجربات کو شیئر کرنے اور اپنی مسلح افواج کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔وزیر دفاع نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان عراق کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور باہمی مفادات بالخصوص دفاع کے تمام شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کا خواہاں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان عراق کی خودمختاری، سیاسی اتحاد اور علاقائی سالمیت کی بھرپور حمایت کرتا ہے، پاکستان نے اپنی مسلح افواج کے لیے بہترین تربیتی سہولیات اور بنیادی ڈھانچہ تیار کیا ہے، خاص طور پر انسداد دہشت گردی سے متعلق تربیت کیلئے متعدد بیرونی ممالک ان سہولیات سے استفادہ کر رہے ہیں ۔ وفاقی وزیر نے پاکستان میں مزید تربیتی سہولیات سے استفادہ کرنے کے لیے آنے والے معززین کی حوصلہ افزائی کی۔عراقی سفیر نے عراق کے عوام اور حکومت کے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے اور اپنے دوطرفہ تعلقات بالخصوص دفاع کے شعبے میں مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

متعلقہ عنوان :